مسرت چیمہ

اگر شہباز گل پر ہونے والا ظلم بزدلوں کے ٹولے کیلئے باعث فخر ہے تو اس کا اقرار کریں’ مسرت جمشید چیمہ

لاہور( گلف آن لائن) پاکستان تحریک انصاف کی مرکزی رہنما و چیئر پرسن قائمہ کمیٹی داخلہ مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ بزدلوں کے ٹولے کو پیغام ہے کہ اگر شہباز گل پر ہونے والا ظلم اور بربریت آپ کے لیے باعث فخر ہے تو عوام کے سامنے آ کر اقرار کرو،آج اس ظلم کی روایت ڈالی گئی ہے جس کی ماضی میں کوئی مثال نہیں ملتی،ان شا اللہ تم اپنے ظلم کے بوجھ تلے دب کر خود ہی نیست و نا بود ہو جائو گے ۔ اپنے بیان میں مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ شہباز گل پر تشدد کرکے یہ باور کرانے کی کوشش کی گئی کہ ہم قانون سے بالاتر ہیں اورکچھ بھی کرسکتے ہیں، عوام کو یہ بتانے کی کوشش کی گئی کہ ہم کسی کے ساتھ کچھ بھی کرسکتے ہیں۔

خوف پھیلا کر چوروں کو بائیس کروڑ عوام پر مسلط کرنے کی منصوبہ بندی ہو رہی ہے لیکن عوام میں شعورآگیا ہے، یہ جو مرضی کرلیں اب عوام ان سے ہرگز مرعوب نہیں ہوں گے بلکہ ان کا ہر جگہ پیچھا کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کی کال پر لاکھوں کی تعداد میں عوام اگر پر امن طریقے سے باہر نکل سکتے ہیں تو وہ امپورٹڈ حکمرانوں کے ایوانوں کا رخ بھی کر سکتے ہیں ۔حکومت جتنا مرضی ظلم کر لے تحریک انصاف سے وابستگی رکھنے والے ادنیٰ سے ادنیٰ کارکن کو بھی عمران خان سے الگ نہیں کر سکتے بلکہ یہ ظلم اور بربریت ہمارے حوصلے اور عزم بلند کرنے کا ذریعہ ہے ۔

مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ تحریک انصاف ملک کی سب سے بڑی سیاسی جماعت ہے اور جو لوگ اسے پاکستان کی سیاست سے مائنس کرنے کے خواب دیکھ رہے ہیں وہ احمقوں کی جنت میں رہتے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں