لاہور(گلف آن لائن)وزیر داخلہ کرنل (ر) ہاشم ڈوگر نے محکمہ پراسیکیوشن اور پولیس سے 25مئی کو تحریک انصاف کے رہنمائوں اور کارکنان کے خلاف درج مقدمات کے حوالے سے مکمل انکوائری رپورٹ طلب کر لی ۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت نے پنجاب حکومت نے تحریک انصاف کے رہنمائوں اورکارکنان پر 25 مئی کو بنائے گئے مقدمات خارج کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے اور اسی سلسلے میں صوبائی وزیر داخلہ کرنل (ر) محمد ہاشم ڈوگر نے محکمہ پراسیکیوشن اور پولیس کو پی ٹی آئی رہنمائوں اور کارکنان پر قائم مقدمات بارے مکمل انکوائری رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی ہے ۔
وزیر داخلہ کرنل (ر) ہاشم ڈوگر نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی فاشسٹ حکومت نے 25 مئی کو رہنمائوں اور کارکنوں کو خوفزدہ کرنے کے لیے جھوٹے مقدمات درج کیے۔ متعلقہ محکموں اور حکام سے جھوٹے مقدمات پر رپورٹ طلب کر لی ہے۔پی ٹی آئی رہنمائوں اورکارکنوں پر بنائے گئے تمام جھوٹے مقدمے خارج ہوں گے۔جن افسران نے سیاسی لوگوں کے کہنے پر جھوٹے مقدمے درج کیے ان سے جواب طلبی جاری ہے۔ جھوٹے مقدمے درج کرانے پر فاشسٹ حکومت کے نمائندوں کے خلاف بھی قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
انہوںنے کہا کہ فاشسٹ حکومت نے پہلے پنجاب میں اور اب اسلام آباد میں قانون کی دھجیاں اڑائی ہیں، (ن)لیگ نے پنجاب اور اسلام آباد پولیس کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کیا، اب گرفتاریوں کے خوف سے کاغذی شیروں کو چھپنے کی جگہ نہیں مل رہی، خاطر جمع رکھیں ہم آپ سے وہ سلوک نہیں کریں گے جو آپ ہمارے لوگوں سے کر رہے ہیں۔
آپ کتنے دن بلوں میں چھپیں گے، قانون کے مطابق اپنے کیے کا جواب دینا ہوگا۔
٭٭٭٭٭



