جمشید اقبال چیمہ

زرداری کے پاس اراکین کوخریدنے کیلئے تو پیسے ہیں سندھ کے ڈوبتے عوام کیلئے کوئی بجٹ نہیں’ جمشیداقبال چیمہ

لاہور(گلف آن لائن)پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما ،فوکل پرسن فوڈ سکیورٹی و خصوصی اقدامات جمشید اقبال چیمہ نے کہا ہے کہ آصف زرداری کے پاس اسلام آباد میں منڈی لگا کر اراکین قو می و صوبائی اسمبلی خریدنے کے لئے تو پیسے ہیں لیکن ڈوبتے ہوئے سندھ کے عوام کیلئے کوئی بجٹ نہیں،سندھ میںزرعی پیداوار دینے والے تمام علاقے زیر آب ہیں جس سے آنے والے مہینوں میں مختلف اجناس کی شدید قلت پیدا ہونے کا امکان ہے۔

اپنے بیان میں جمشید اقبال چیمہ نے کہا کہ لاکھوں کی تعداد میں سیلاب زدگان کھلے آسمان تلے موجود ہیںلیکن وفاقی اور سندھ حکومت اپنی ذمہ داریاں نبھانے میں یکسر ناکام رہی ہے ، جس طرح سیلاب متاثرین کو نظر انداز کیا جارہا ہے اس صورتحال سے آنے والے دنوں میں ایک نیا المیہ جنم لے گا۔

انہوںنے کہاکہ اربوں ، کھربوں کے وسائل ہونے کے باوجود سندھ میں سیلاب متاثرین کی کوئی مدد نہیں کی جارہی ، جہاں سے سیلاب کے پانی کی نکاسی ہونی ہے وہاں پر حکمرانوں او ران کے حواریوں نے قبضے کر کے تجاوزات قائم کر رکھی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امپورٹڈ ٹولے کے سر پر اس وقت صرف عمران خان کے خلاف انتقامی کارروائی اور گرفتار ی سر پر سوار ہے جبکہ ملک میں مہنگائی اور بیروزگاری انتہا کو چھو رہی ہے ، معیشت کاستیا نہیں بلکہ سوا ستیا ناس ہو چکا ہے جبکہ امپورٹڈ ٹولہ سب اچھا کی رپورٹ دے رہا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں