الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کو دستاویزات جمع کرانے کیلئے مزید دو ہفتے کی مہلت دیدی

اسلام آباد (گلف آن لائن)الیکشن کمیشن نے عمران خان کو شوکاز نوٹس کے معاملے پر پی ٹی آئی کو دستاویزات جمع کرانے کیلئے مزید دو ہفتے کی مہلت دیدی جبکہ چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا نے پی ٹی آئی وکیل کو ہدایت کی ہے کہ دو ہفتوں سے پہلے اپنا جواب جمع کرادیں تاکہ دلائل شروع ہوسکیں۔

ممنوعہ فنڈنگ کیس میں پی ٹی آئی کو بذریعہ عمران خان نوٹس پر چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا کی سربراہی میں چار رکنی بینچ نے سماعت کی۔ پی ٹی آئی کے وکیل شاہ خاور کمیشن میں پیش ہوئے۔ چیف الیکشن کمشنر نے شاہ خاور سے استفسار کیا کہ آپ کا ریکارڈ کہاں تک پہنچ چکا ہے۔ شاہ خاور نے جواب دیا کہ ہمیں کچھ معلومات فارن چیپٹر سے موصول ہونی ہیں۔اگر دو ہفتے مل جائیں تو بہتر ہوگا۔ ممبر کمیشن نے استفسار کیا کہ کیا اس ریکارڈ پر بھی آٹھ سال لگیں گے۔

پی ٹی آئی وکیل نے جواب دیا کہ یہ دس سال پرانا ریکارڈ ہے ہم چاہتے ہیں آپ کو پراپر ڈاکومنٹس دے دیں۔الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کو دستاویزات جمع کرانے کیلئے مزید دو ہفتے کی مہلت دے دی۔ کیس کی سماعت 19 ستمبر تک ملتوی کردی گئی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں