عمر سرفراز چیمہ

انسانیت کی خدمت اور ایثار و قربانی حضرت داتا گنج بخش کی تعلیمات کا بنیادی جزو ہے، عمر سرفراز چیمہ

لاہور( گلف آن لائن)مشیرِ اطلاعات پنجاب عمر سرفراز چیمہ نے کہا ہے کہ اولیائے کرام کا پیغام دینی تعلیمات کی تبلیغ کے ساتھ ساتھ انسانیت کے احترام کی تلقین کرتا ہے۔ انسانیت کی خدمت اور ایثار و قربانی کا یہی پیغام حضرت داتا گنج بخش رحمة اللہ علیہ کی تعلیمات کا بنیادی جزو ہے۔ انکا کہنا تھا کہ نہ صرف برصغیر بلکہ دنیا بھر کے انسان حضرت داتا گنج بخش رحمة اللہ علیہ کے علوم و فیوض اور تعلیمات سے مستفید ہو رہے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار مشیرِ اطلاعات پنجاب عمر سرفراز چیمہ نے داتا دربار لاہور میں محکمہ اوقاف و مذہبی امور کے زیر انتظام سہ روزہ عالمی تصوف کانفرنس میں بطور مہمان خصوصی شرکت کے دوران کیا۔ ڈی جی اوقاف طاہر رضا بخاری، ایڈمنسٹریٹر شاہد حمید ورک اور دیگر منتظمین بھی اس موقع پر موجود تھے۔ مشیرِ اطلاعات پنجاب نے محکمہ اوقاف و مذہبی امور کی انتظامیہ کو عالمی تصوف کانفرنس کے کامیاب انعقاد پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ انتہا پسندی، فرقہ پرستی، تفاوت اور انسان دشمنی کے اس دور میں انسان دوستی کے پرچار سے بہتر راستہ نہیں ہو سکتا۔

ایسے نامساعد حالات میں اس قسم کی کانفرنسز کے انعقاد کی زیادہ ضرورت ہے جن سے معاشرے میں رواداری، بھائی چارے اور امن و آشتی کو فروغ ملے۔ عمر سرفراز چیمہ نے مزید کہا کہ انتہا پسندی اور دہشتگردی سے پاک معاشرے کی تشکیل کے لیے صوفیاء کرام کی تعلیمات پر عمل پیرا ہونا ناگزیر ہے۔
٭٭٭٭٭

اپنا تبصرہ بھیجیں