سندھ ہائی کورٹ

سندھ ہائی کورٹ، ڈاکٹرعامر لیاقت کے پوسٹ مارٹم کرانے کی تمام درخواستیں مسترد

کراچی(گلف آن لائن)سندھ ہائی کورٹ نے ڈاکٹرعامرلیاقت کے پوسٹ مارٹم کرانے کی تمام درخواستیں مسترد کردی ہیں۔پیرکوسندھ ہائی کورٹ میں معروف اینکرپرسن ڈاکٹرعامرلیاقت کے پوسٹ مارٹم کرانے کے معاملے پر عبدالاحد خان ایڈووکیٹ کی درخواست کی سماعت ہوئی جس پر عدالت نے فریقین کے وکلا کے دلائل سننے کے بعد عامرلیاقت کا پوسٹ مارٹم کرانے کی درخواست مسترد کردی۔سابق اہلیہ دانیہ شاہ بھی درخواست میں فریق تھیں، انھوں نے عامرلیاقت کے پوسٹ مارٹم کرانے کی حمایت کی تھی۔

سندھ ہائی کورٹ نے ڈاکٹرعامر لیاقت کے پوسٹ مارٹم سے متعلق تمام درخواستیں مسترد کرتے ہوئے ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج شرقی کا فیصلہ برقرار رکھا۔درخواست شہری عبد الاحد کی جانب سے دائر کی گئی تھی۔ضیاء اعوان وکیل ورثا عامرلیاقت نے دلائل میں کہا کہ درخواست گزار کے پاس کوئی شواہد نہیں ہیں۔ درخواست گزار ایک سیاسی جماعت کے کارکن ہیں۔عبدالاحد خان ایڈووکیٹ نے کہا کہ سندھ ہائی کورٹ کے فیصلے موجود ہیں۔

سیشن عدالت نے پوسٹ مارٹم کروانے سے متعلق درخواست مسترد کردی تھی۔وکیل درخواست گزار نے کہا کہ جوڈیشنل مجسٹریٹ نے عامر لیاقت کا پوسٹ مارٹم کرنے کا حکم دیا تھا۔ ایس ایچ او نے پوسٹ مارٹم کرانے کی سفارش کی تھی۔ پولیس بھی چاہتی ہے کہ عامر لیاقت کا پوسٹ مارٹم ہو۔عبدالاحد خان ایڈووکیٹ نے مذید موقف اختیار کیا کہ فی الحال کوئی مقدمہ درج نہیں ہوسکا۔ عامر لیاقت کے انتقال پر شکوک پیدا ہوچکے ہیں۔ میڈیکل رپورٹ کے مطابق وجہ انتقال سامنے نہیں آئی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں