عمران خان

اسحاق ڈار کی ڈیل کے تحت واپسی ہوئی ،یہاں ڈیلز ہوتی ہیں ،چوروں کو این آر او دیا جاتاہے ‘ عمران خان

لاہور( گلف آن لائن)پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین و سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ اسحاق ڈار ڈیل کے تحت واپس آرہا ہے،یہاں ڈیلز ہوتی ہیں ،چوروں کو این آر او دیا جاتاہے اس لئے یہا ں چوری ختم نہیں ہوتی ملک آگے نہیں بڑھ سکتا،مریم نواز کے داماد کی ہائوسنگ سوسائٹی میں عوام کے ٹیکسوں کے پیسے سے 77کروڑ کا گرڈ اسٹیشن لگے گا،آنے والے دنوں میں ابھی اور بہت کچھ آرہا ہے ،یہ بھی سننے میں آیا ہے کہ الیکشن کمیشن کہہ رہا ہے کہ عمران خان کو توشہ خانہ میں نا اہل کر دوں گا،جو آڈیو لیکس ہو ئی ہے اگر الیکشن کمیشن میں تھوڑی سی بھی شرم ہے تو مستعفی ہو جائے لیکن اس میں شرم اور حیا نہیں ہے ہمیں اس کو مستعفی کرانا پڑے گا،اگر ہم ان چوروںکو تسلیم کر لیتے ہیں تو ملک تباہ ہو جائے گا ،ہم حکومت میں آکر آئی ٹی کے تمام شعبوں میں مراعات دیں گے ، ٹیکسز میں چھوٹ دی جائے گی ۔

ان خیالات کا اظہار انہوںنے گورنمنٹ کالج یونیورسٹی میں تعلیم اور ہنر ساتھ ساتھ کے موضوع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر وزیر ہائر ایجوکیشن راجہ یاسر ہمایوں، سینئر وزیر میاں اسلم اقبال، سابق وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود ، ڈاکٹر ارسلان سمیت دیگر بھی موجود تھے ۔ عمران خان نے کہا کہ مستقبل ٹیکنالوجی کا ہے ،آئی ٹی انڈسٹری اور اپنے نوجوانوں کو مراعات دی جانا چاہئیں تھیں ،آئی ٹی سکلز دلوانی تھیں لیکن ہم نے بیس سال ضائع کئے ، بھارت کی 20سال پہلے آئی ٹی ایکسپورٹ ایک ارب ڈالر تھیں جو آج 140ارب ڈالر تک پہنچ گئی ہیں، ہماری مجموعی برآمدات 32ارب ڈالر ہیں۔ ہم نے اپنے دور میں آئی ٹی کی ایکسپورٹ بڑھانے کے لئے اقدامات کئے ، دوسرے سال ہماری ایکسپورٹ 35فیصد بڑھی ،تیسرے سال 45اور آخری سال 75فیصد آئی ٹی کی ایکسپورٹ بڑھی کیونکہ ہم نے مراعات دیں ، سپیشل آئی ٹی زونز شروع کئے جس کے اندر ٹیکس چھوٹ دیں ۔ جب بھی تحریک انصاف کی حکومت آئے گی آئی ٹی پر زیرو ٹیکسیشن ہو گی،فری لانسرز کوسو فیصد کیپٹل گین ٹیکس معاف ہوگا ۔

عمران خان نے کہا کہ انسان اور جانور میںفرق کیا ہے ،ان میںدو بہت بڑے واضح فرق ہیں، دو طبقے ظلم اور نا انصافی کا مقابلہ نہیں کریں گے ان میں ایک بزدل اور ایک خود غرض ہے ،یہ سمجھتے ہیں کہ ہم طاقتور کے سامنے کھڑے ہوں گے تو وہ ہم ظلم کرے گا،کوفہ کے لوگوںنے یزید سے ڈر کر حضرت امام حسین کی مدد نہیں کی اوراسلام کا سب سے بڑ ا سانحہ ہونے دیا اور اس پر ہمیشہ پچھتائے ۔خود غرض کو صرف یہ معلوم ہوتا ہے کہ میری زندگی میں کیا فرق پڑے گا ، ایلیٹ کا سب سے بڑا مسئلہ یہی ہے کہ وہ سکون میںہے ،خوف کا بت سب سے خوفناک بت ہے ،اگر اس کے سامنے ایک انسان جھکتا ہے تو میری نظر میں وہ شرک کرتا ہے ،اسی لئے ہمارے اوپر جہاد فرض کیا گیا ہے کہ نا انصافی اور ظلم کا مقابلہ کرنا جہاد ہے ۔ انہوںنے کہا کہ ایک امریکن انڈر سیکرٹری ڈونلڈ لو پاکستان کے سفارتکار اسد مجید جو زبردست سفارتکار ہیں ان کو بلاتا ہے اورمیٹنگ کرتا ہے ،سات مارچ کو کہتا ہے اگر آپ نے عمران خان کو وزیر اعظم شپ سے نہ ہٹایا تو پاکستان کیلئے نتائج ہوں گے،چیری بلاسم کو لے آئیں گے جس کی خصوصیت ہی بوٹ پالش کرنا تو ہم پاکستان کو معاف کر دیں گے ،یہ سائفر ہمارا سفارتکار وزارت خارجہ کو بھجواتا ہے جو میرے تک پہنچتا ہے ۔

انہوںنے طلبہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ کے سیاسی شعور کا امتحان ، بتائیں ، سفارتکار تو میرے نیچے پھر اس کے ذریعے کسے پیغام دیا گیا ۔ جس پر طلبہ نے جواب دیا تو عمران خان نے کہا کہ آپ پہلا امتحان پاس کر گئے ہیں۔انہوںنے کہا کہ آپ مستقبل کے لیڈر ہیں ،کوئی بھی قوم اس طرح کی غلامی کرتی ہے تو اس کا کوئی مستقبل نہیں ۔عظیم لیڈر قائد اعظم نے ہمیں انگریز کی غلامی سے نکال دیا ، ایک دوسری طرح کی غلامی ہوتی ہے جس میں یہ فتح کئے بغیر غلام بنا لیتے ہیں، کنٹرول کر لیتے ہیں حکم دیا جاتا ہے ۔ امپورٹڈ حکومت کو حکم دیا جاتا ہے کہ روس سے تیل نہیں لینا ، بھارت جو ہمارے ساتھ آزاد ہوا وہ چالیس فیصد کم پر روس سے تیل لے رہا ہے حالانکہ بھارت امریکہ کا سٹریٹجک اتحادی ہے ،ہم تو مذاکرات کر آئے تھے کہ سستا تیل اور گندم بھی لیں گے لیکن جیسے ہی امپورٹڈ حکومت آئی سب کچھ ختم ہو گیا۔ انہوںنے کہا کہ پاکستان کے کرپٹ ترین بڑے بڑے ڈاکوئوں کو اوپر بٹھا دیا گیا، ساٹھ فیصد کابینہ کے لوگ چوری پر ضمانت پر ہے ، انہوںنے آ کر اپنے کرپشن کیسز ختم کرانے شروع کئے اور1100ارب روپے معاف کرائے گئے ، قوم کو تاریخ کی بد ترین مہنگائی میں دھکیل دیا گیاہے ۔انہوں نے کہا کہ ہمارے دور میں معیشت 6فیصد پر گروتھ کر رہی تھی ،چار اجناس کی ریکارڈ پیدا وار ہوئی جو اب شاید منفی پر ہے۔

انہوںنے کہا کہ شہباز شریف سے ایک ٹی وی کی صحافی نے انٹر ویو کیا تو شہباز شریف نے اس خاتون اینکر سے کہا کہ خدا کے لئے ہمیں پیسے دے دو اگر پیسے نہ دئیے تو ہمارا دیوالیہ نکل جائے گا، خاتون اینکر نے کہا کہ میں تو صحافی ہوں جس پر شہباز شریف نے کہا کہ اپنے چینل کے ذریعے لوگوں کو بتائو کہ ہماری مدد کریں نہیں تو ہمارا دیوالیہ نکل جائے گا ،ہمیں بچا لو ۔وزیر اعظم کہہ رہا ہے کہ ہم اپنے قرضے واپس نہیں کر سکتے ہمارا دیوالیہ نکل گیا ہے ، خدا کے واسطے پیسے دے دو ۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہم ان لوگوں کو تسلیم کر لیتے ہیں تو ملک تباہ ہو جائے گا ،جو ملک اپنی آزادی رائے حق پر کھڑا نہیں ہوتا نا انصافی کا مقابلہ نہیں کرتا تو اللہ کہتا ہے کہ میری زمین پر نکل کر دیکھو تم سے پہلے کتنی قومیں تباہ کیں جو میر ے حکم پر نہیں چلیں ۔ انہوںنے کہا کہ ہمارے اورپ چور مسلط ہو گئے ، ان کی اربوں روپے کی جائیدادیں باہر ہیں، یہ حکومت کرنے کے لئے پاکستان میں آتے ہیں اور پھر لو ٹ کر کے باہر چلے جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسحاق ڈار ہمارے دور میں نہیں بھاگا بلکہ (ن)لیگ یک دور میں بھاگا ، نیب نے سوال کے بلایا اور پوچھا کہ آپ کے والد صاحب کی تو سائیکل کی دکان تھی آپ اربوں پتی بن گئے ہیں تو ملک سے باہر بھاگ گیا ، وزیر اعظم کے جہاز میں باہر گیا اور کہتا ہے علاج کرانا ہے، ساڑھے تین سال سے علاج ہو رہاہے معلوم نہیں کس چیز کا علاج ہو رہا ہے ۔

یہ ڈیل کے تحت آرہاہے ،یہاں ڈیلز ہوتی ہیں ،چوروں کو این آر او دیا جاتاہے اس لئے یہاںچوری ختم نہیں ہوتی ملک آگے نہیں بڑھ سکتا اس لئے منی لانڈرنگ رک نہیں سکتی ۔ہم نے فیصلہ کرنا ہے کہ کیا ہم نے بھیڑ بکریوں کی طرح تماشہ دیکھنا ہے یا انسان بن کرراہ حق پر اورنا انصافی کے خلاف کھڑا ہونا ہے ۔انہوںنے کہا کہ وکی لیکس آئی پھر ڈان لیکس اور اب آڈیو لیکس آ گئی ہے ، موجودہ چیف الیکشن کمشنر شریف خاندان کے گھر کا نوکر ہے ،نواز شریف بتا رہا ہے کن کو نا اہل کرنا ہے ،انتخابات کب کرانے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ میںتین سال کوشش کرتا رہا کہ ای وی ایم مشین استعمال کی جائے کیونکہ اس سے 90فیصد دھاندلی کے طریقے ختم ہوجاتے ہیں، اس آدمی نے نواز شریف اورزرداری کے کہنے پرجنہوں نے جعلی ووٹ بنائے ہوئے ای وی ایم مشین نہیں آنے دی ۔جو آڈیو لیکس ہو ئی ہے اگر اس میں تھوڑی سی بھی شرم ہے مستعفی ہو جائے لیکن اس میں شرم اور حیا نہیں ہے ہمیںاس کو مستعفی کرانا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ مریم نے بھی جھوٹ میں ڈبل پی ایچ ڈی لی ہوئی ،کہتی ہے میری لندن میں تو کیا پاکستان میں بھی جائیداد نہیں ہے لیکن اس کا بھائی کہتا ہے کہ لندن میں چار مے فئیر فلیٹس کی مالکہ مریم ہیں۔ مریم کے کہنے پر شہباز شریف بھارت سے پاور جنریشن کی مشینری درآمد کر رہے ہیں،بھارت کے کشمیر کے خلاف پانچ اگست 2019ء کے اقدام کے خلاف ہم نے بھارت سے تجارتی تعلقات منقطع کئے لیکن یہ مریم کے داماد کے لئے وہاںسے مشینری منگوا رہے ہیں، وزیر اعظم طریقہ بتا رہا ہے بھارت کی کسی اور ملک کے راستے لے آئو ، مریم کے داماد کی ہائوسنگ سوسائٹی میں گرڈ اسٹیشن لگ رہا ہے اور کہا جارہا ہے فکر نہ کرو اس کے لئے ہم نے ایک طریقہ نکالا ہے ، گرڈ اسٹیشن پر 77کروڑ لگنے ہیں اور کہا جارہا ہے کہ قوم اس کے لئے ٹیکس دے گی اور یہ ٹیکسوں سے بنے گا ۔

انہوں نے کہا کہ آنے والے دنوں میں ابھی اور بہت کچھ آرہا ہے ،یہ بھی سننے میں آیا ہے کہ الیکشن کمیشن کہہ رہا ہے کہ عمران خان کو توشہ خانہ میں نا اہل کر دوں گا۔انہوںنے کہا کہ جو قومیں حق اور سچ پر کھڑی نہیں ہوتیں اس قوم کا کوئی مستقبل نہیں ہوتا ۔انہوں نے کہا کہ جتنی بڑی تحریکیں چلیں ، جتنی انقلابی تحریکیں چلیں اس میں نوجوانوںکا کلیدی کردار تھا،ہماری حقیقی آزادی کی تحریک میں بھی سار ے نوجوانوں نے شامل ہونا ہے ،اپنے مستقبل کے لئے اس میں شمولیت کرنی ہے ۔انہوں نے کہاکہ تیاری کر لیں ہم نے چوروں کے خلاف جہاد کا اعلان کیا ہوا ہے ، میں جب تک تک زندہ ہوں ان کا مقابلہ کروں گا اور جیت کر دکھائوں گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں