نیپرا نے کراچی کیلئے بجلی 4 روپے 87 پیسے سستی کرنے کی منظوری دیدی

اسلام آباد (گلف آن لائن)نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا)نے کراچی کے صارفین کیلئے اگست کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی 4 روپے 87 پیسے فی یونٹ سستی کرنے کی منظوری دیدی-نیپرا میں کے-الیکٹرک کی اگست کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی 4 روپے 21 پیسے فی یونٹ سستی کرنے کی درخواست پر دوران سماعت نیپرا حکام نے کہا کہ کے الیکٹرک اپنے وسائل سے بہت مہنگی بجلی پیدا کر رہی ہے، کے-الیکٹرک اپنے وسائل سے 37 روپے 68 پیسے فی یونٹ تک بجلی پیدا کر رہی ہے ،نیشنل گرڈ سے 13 روپے 61 پیسے فی یونٹ کی بجلی لے رہی ہے۔اس پر کے-الیکٹرک حکام نے کہاکہ اگست میں ایل این جی اور فرنس آئل کی کھپت میں کمی ہوئی ،ایندھن کی قیمتیں کم ہونے سے بجلی کی پیداواری لاگت میں بھی کمی آئی ہے-حکام نے کہا کہ کے-الیکٹرک نے متبادل ذرائع سے بجلی کی پیداوار بڑھانے کا پلان نیپرا میں جمع کرادیا ہے-چیئرمین نیپرا نے جامع پلان طلب کرتے ہوئے نیپرا سے سوال کیا کہ نئے پاور پلانٹس شامل کرنے سے کے-الیکٹرک کا ٹیرف کس طرح کم ہوگا ؟-

انہوں نے کہاکہ کے الیکٹرک کی پیداوری لاگت اور سینٹرل پاور پرچیزنگ کمپنی(سی پی پی اے)کے اعدادو شمار میں بہت فرق ہے، حکومت تقریبا ً15 روپے فی یونٹ کا بوجھ برداشت کر رہی ہے اور حکومت نے بھی یہ بوجھ صارفین سے ہی وصول کرنا ہے-سماعت کے بعد نیپرا نے کے-الیکٹرک صارفین کیلئے ایک ماہ کے لیے بجلی کی قیمت میں چار روپے 87 پیسے فی یونٹ کمی کی منظوری دی تاہم نیپرا تفصیلی فیصلہ اور نوٹیفیکیشن بعد میں جاری کریگااس کمی کا اطلاق کے الیکٹرک کے لائف لائن صارفین پر نہیں ہوگا۔چیئرمین نیپرا نے متبادل ذرائع سے بجلی کی پیداوار کی جامع رپورٹ طلب کرتے ہوئے کے الیکٹرک کو ہدایت کی کہ وہ سستی بجلی پیدا کرنے کے لیے اقدامات کرے۔نیپرا نے کراچی کے سوا باقی ملک کے لیے اگست کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی 20 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی منظوری دیدی-

نیپرا میں سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی کی اگست کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی 22پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی درخواست پر سماعت ہوئی-جمعرات کو سماعت کے دوران دوران سماعت نیپرا حکام نے کہا کہ میرٹ آرڈر کی خلاف ورزی سے 5 ارب 39 کروڑ روپے اور ایل این جی کی قلت سے 5 ارب 10 کروڑ روپے سے زائد کا اضافی بوجھ پڑا-انہوں نے کہا کہ کون سے پلانٹس چلانے ہیں، کون سے نہیں چلانے یہ فیصلہ کون کرتا ہے، ادارے کنفیوژن کا شکار رہے، پلانٹس کا اکنامک میرٹ آرڈر کون بناتا ہے؟ سی پی پی اے-این پی سی سی نیپرا کو بتانے میں ناکام رہے۔نیپرا کے سندھ کے رکن نے کہا کہ یہ ہمارا المیہ ہے کہ یہ نہیں پتا کہ میرٹ آرڈر کون بناتا ہے، اب ریگولیٹر بتائے گا کہ کس کا کام ہے اور کون کرے گا، کیا سی پی پی اے کی کمیٹی نیپرا سے زیادہ طاقتورہے-نیپرا نے معاملے پر آئندہ منگل تک سی پی پی اے سے جواب طلب کرلیا-چیئرمین نیپرا نے کہا کہ جو ادارے نیپرا کی بات نہیں مانتے ان کو اس دفعہ سبق سکھائیں گے۔سماعت کے بعد نیپرا نے ایک ماہ کیلئے بجلی بیس پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی منظوری دی تاہم تفصیلی فیصلہ اور نوٹیفیکیشن بعد میں جاری کیا جائے گااس اضافے سے صارفین پر دو ارب روپے سے زیادہ کا اضافی بوجھ پڑے گا اور یہ اضافی وصولیاں اکتوبر کے بلوں میں کی جائیں گی۔

اضافے کا اطلاق لائف لائن اور کے الیکڑک صارفین پر نہیں ہو گا۔واضح رہے کہ آئی ایم ایف سے قرض کی قسط حاصل کرنے کے لیے نیپرا نے کراچی سمیت ملک بھر میں بجلی کی فی یونٹ قیمت میں بڑے اضافے کا اعلان کیا تھا تاہم عوام کے احتجاج کے بعد وزیراعظم نے کم یونٹ استعمال کرنے والے صارفین کو سبسڈی دینے کا اعلان کیا تھا۔البتہ نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی نے کراچی کے صارفین کے لیے جولائی کے فیول لاگت ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی فی یونٹ 4 روپے 12 پیسے سستی کردی تھی۔گزشتہ دنوں ماہرین نے توقع ظاہر کی تھی کہ جون سے عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں ایک تہائی سے زیادہ کمی کے بعد بجلی کی قیمتوں میں بھی نمایاں کمی ہو سکتی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں