وزیر توانائی

عمران خان تین کوششوں کے بعد چوتھی بار صوبائی حکومتوں کے وسائل سے اسلام آباد پر حملہ کرنے کیلئے کوشش کررہے ہیں، وزیر توانائی

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)وفاقی وزیر برائے بجلی خرم دستگیر خان نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان تین کوششوں کے بعد چوتھی بار صوبائی حکومتوں کے وسائل سے اسلام آباد پر حملہ کرنے کیلئے کوشش کررہے ہیں،مخلوط حکومت اپنی مدت پوری کرنے کے بعد اگلے سال اکتوبر میں آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کرائے گی۔

ایک انٹرویومیں خرم دستگیر خان نے کہا کہ عمران خان نے 2014، 2016 اور مئی 2022 میں وفاقی دارالحکومت پر حملہ کیا تاکہ طاقت کے ذریعے موجودہ حکومت گرانے کی کوشش کی جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے پی ٹی آئی کی قیادت کو اپنے عوامی اجتماع کو پرامن طریقے سے منعقد کرانے اور اپنا احتجاج ریکارڈ کرانے، حکومتی پالیسیوں پر تنقید کرنے کی اجازت دی ہے اورحکومت بدلنے کے ان کے منصوبے کامیاب نہیں ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان نے پی ٹی آئی کارکنوں کو ہدایت کی کہ وہ اپنے اپنے اضلاع سے لانگ مارچ میں شرکت کے لیے کم از کم 6ہزار افراد اپنے ساتھ لائیں تاکہ اسلام آباد میں افراتفری پھیلائی جاسکے۔

قبل از وقت انتخابات کے انعقاد پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مخلوط حکومت اپنی مدت پوری کرنے کے بعد اگلے سال اکتوبر میں آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کرائے گی۔انہوں نے کہا کہ آڈیو لیکس نے عمران خان کی منافقت اور ہارس ٹریڈنگ میں ملوث ہونے کا انکشاف کر دیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں