شہباز گل

رانا ثنا ء اللہ کیس میں سپریم کورٹ سوموٹو لے،شہباز گل

اسلام آباد (گلف آن لائن)پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شہباز گل نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ سے رانا ثناء اللہ کیس میں سو موٹو لینے کی درخواست کرتا ہوں۔وہ بغاوت پر اکسانے کے کیس میں اسلام آباد کچہری میں واقع ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔پی ٹی آئی رہنما راجہ خرم نواز اور اعظم سواتی بھی شہباز گِل کے ہمراہ عدالت پہنچے۔

شہباز گل نے کہا کہ رانا ثناء اللہ کیس میں پنجاب پولیس تھانوں کے چکر لگا رہی ہے، رانا ثنا اللہ نے عدالتی سسٹم کو مفلوج کر دیا ہے۔انہوںنے کہاکہ کیا رانا ثناء اللہ کسی قانون کے پابند نہیں ہیں؟ کیا پولیس کسی کی ذاتی ملازم ہے؟پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ آئی جی اسلام آباد بھی عدلیہ کی توہین کر رہے ہیں، پولیس وارنٹ لے کر گھوم رہی ہے اور رانا ثنا ء اللہ دندناتے پھر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مجھے دو مختلف پاکستان دکھائی دے رہے ہیں، میں عام آدمی ہوں اس لیے کیس بھگت رہا ہوں جبکہ رانا ثنا اللہ نے اپنی پوزیشن کا ناجائز استعمال کیا ہے۔شہباز گل نے کہا کہ رانا ثناء اللہ نے مال بنایا، کرپشن کی اور دھوکا دیا، تھانہ کوہسار ان کے وارنٹِ گرفتاری کی تعمیل نہیں کروا رہا۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ 10 دن میں میری 4 پیشیاں ہو چکی ہیں، مجھے ہتھکڑیاں لگا کر اسلام آباد کچہری لایا جاتا تھا۔پاکستان تحریکِ انصاف کے رہنما شہباز گل نے کہا کہ عدالت کے معاملات عدالت میں ہی رہنے چاہئیں۔
٭٭٭٭٭

اپنا تبصرہ بھیجیں