اسلام آباد (گلف آن لائن)قومی اسمبلی کو بتایاگیا ہے کہ نئے جنگلات کے اگائو اور شجرکاری کے حوالے سے پالیسی سازی میں عوامی نمائندوں کی شرکت سے مثبت اثرات رونما ہو سکتے ہیں،سیلاب سے پہلے شجرکاری، شہروں کو پلاسٹک سے پاک کرنے اور دریائوں میں آلودگی کے خاتمے کیلئے منصوبہ بندی کی گئی تھی ، قدرتی آفت کے بعد فنڈز کی فراہمی میں مشکلات درپیش ہیں، عالمی ماحولیاتی تبدیلیوں کی وجوہات میں پاکستان کا حصہ ایک فیصد سے بھی کم ہے،دنیا نے توجہ نہ دی تو پاکستان جیسے گرم ممالک کیلئے بہت زیادہ مشکلات پیدا ہوں گی، بلین ٹری سونامی کے حوالے سے ہم خیبرپختونخوا میں کارروائی نہیں کر سکتے۔
اٹھارہویں ترمیم کے بعد صوبے خودمختار ہیں،وفاقی حکومت صوبوں کے معاملات میں مداخلت نہیں کر سکتی۔ جمعرات کو قومی اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران اراکین کے سوالوں کے جواب دیتے ہوئے وفاقی وزیر و سینیٹر شیری رحمان نے کہا کہ شجرکاری میں سیاسی لوگوں کی شرکت سے فائدہ ہو سکتا ہے، اس معاملے میں سول سوسائٹی اور عوام کی شرکت سے بہتری آسکتی ہے۔ انہوںنے کہاکہ ابھی بھی درختوں کا کٹائو جاری ہے، ہم نے چیف سیکرٹری پنجاب کے ذریعے ایک فیکٹری لگانے کے لئے جنگلات کے محفوظ ذخیرے کا کٹائو رکوایا۔ وفاقی وزیر شیری رحمان نے کہا کہ دریائے سندھ کے کنارے پر درختوں کے کٹائو کے حوالے سے ہم مداخلت نہیں کر سکتے،محکمہ جنگلات سندھ سے اعداد و شمار لے کر ہم بتا سکتے ہیں۔
انہوںنے کہاکہ سیلاب سے پہلے ہم نے جنگلات کے اگائو کیلئے پالیسی شروع کی تھی، اس میں شہروں کو پلاسٹک سے پاک کرنے اور دریائوں میں آلودگی کے خاتمے کے پروگرام بھی شامل تھے مگر سیلاب کے بعد اب فنڈز میں مشکل پیش آرہی ہے۔ شیری رحمان نے کہا کہ کوئی بھی رکن یہ سمجھتا ہے کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے حوالے سے پالیسی سازی میں منتخب نمائندوں کو شامل نہیں کیا جاتا تو میں اس بات پر یقین رکھتی ہوں کہ ارکان قومی و صوبائی اسمبلی کو پالیسی سازی میں شامل کرنا چاہیے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ وفاقی حکومت کا جو کام ہے وہ کر رہے ہیں، مرکز اور صوبے آپس میں تعاون کر سکتے ہیں مگر صوبوں کو کسی بات کا پابند نہیں کیا جاسکتا ہے اور نہ ان پر نظر رکھی جاسکتی ہے۔وقفہ سوالات کے دور ان وفاقی وزیر پارلیمانی امور مرتضی جاوید عباسی نے کہا کہ اٹھارہویں ترمیم کے بعد وزارت ثقافت میں2011ئ، 2013 اور 2020 میں اصلاحات لائی جاتی رہی ہیں،اس کے تحت 18 ادارے آتے ہیں، یہ ادارے اسلام آباد کی حد تک اپنے فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔ انہوںے کہاکہ صوبوں میں ان کا کوئی عمل دخل نہیں ہے، اسلام آباد میں لوک ورثہ، پی این سی اے سمیت دیگر ادارے صرف وفاق میں کام کر رہے ہیں۔
اجلاس کے دور ان قومی اسمبلی کو وزارت شہری ہوابازی ڈویژن کی طرف سے بتایا گیا کہ قومی ایئرلائن پی آئی اے کا خسارہ 2021 میں بڑھ کر 50101 ملین روپے تک پہنچ گیا، پی آئی اے کے خسارے میں 2018 سے 2020 تک کمی کا رجحان رہا مگر کورونا وبا، سعودی عرب کی جانب سے حج آپریشن کی معطلی اور یورپ فلائٹ آپریشن پر پابندی کی وجہ سے 2019 میں خسارے میں کمی کا تسلسل برقرار نہیں رہ سکا۔ وزارت شہری ہوابازی کی جانب سے بتایا گیا کہ 2018 میں پی آئی اے کا خسارہ 67327 ملین تھا جو 2019 میں کم ہو کر 52601 رہ گیا، اسی طرح 2020 میں یہ خسارہ کم ہو کر 34642 ملین روپے رہ گیا تاہم 2021 میں کورونا وبا کی وجہ سے مختلف ممالک کی جانب سے پابندیوں کے نفاذ کی وجہ سے فلائٹ آپریشنز محدود ہونے ، یورپین ایوی ایشن سیفٹی ایجنسی کی جانب سے پی آئی اے کے یورپ فلائٹ آپریشن پر پابندی اور سعودی عرب کی جانب سے حج و عمرہ آپریشن کی معطلی کی وجہ سے 2021 میں خسارے میں کمی کا تسلسل برقرار نہیں رہ سکا اور یہ بڑھ کر 50101 ملین روپے تک پہنچ گیا۔وزارت ماحولیاتی تبدیلی کی جانب سے بتایا گیا کہ خیبرپختونخوا میں 644.50 ملین، پنجاب میں 268.12، سندھ میں 733.63، بلوچستان میں 10.68 ، آزاد کشمیر میں 141.84 ملین اور گلگت بلتستان میں 29.72 ملین درخت اگائے گئے ہیں، اس طرح مجموعی طور پر ملک بھر میں 1828.49 ملین درخت 2019 سے 2022 تک چار سالوں میں اگائے گئے ہیں۔ایک او ر سوال پر وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی سینیٹر شیری رحمان نے کہا کہ سندھ میں 93 فیصد شجرکاری کی گئی ہے، صوبوں میں شجرکاری کیلئے نصف رقم وفاق فراہم کرتا ہے اور نصف وہ اپنے سالانہ ترقیاتی فنڈز سے استعمال کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جنگلات اگانے سے ماحول پر خوشگوار اثرات مرتب ہوتے ہیں، پاکستان میں جنگلات کا تناسب دنیا میں سب سے کم ہے جو6فیصد ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹمبر مافیاز نے جنگلات کو تباہ کر دیا ہے، جن غریب لوگوں کے پاس کوئی اور ذریعہ نہیں ہے وہ سردیوں میں درخت کاٹ کر گزارہ کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں مارگلہ میں آگ لگتی ہے، لوگ گرمیوں کے موسم میں جنگلات کو آگ بھی لگاتے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ آگ لگنے کی ایک وجہ گرمیوں میں درجہ حرارت 53 ڈگری تک پہنچ جانا بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے جنگلات پورے بھی ہو جائیں پھر بھی جب تک دنیا کی پیدا کردہ آلودگی کم نہیں ہوگی،ہمارے موسم پر کوئی اثر نہیں پڑیگا۔ انہوں نے کہا کہ گرین ہائوس گیسز کے اخراج میں پاکستان کا حصہ ایک فیصد سے بھی کم ہے ۔ شیری رحمان نے کہا کہ دس بلین ٹری سونامی منصوبیمیں تمام صوبے مرکز کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں،بلین ٹری سونامی کے حوالے سے ہم خیبرپختونخوا میں کارروائی نہیں کر سکتے۔ اٹھارہویں ترمیم کے بعد صوبے خودمختار ہیں تاہم اس معاملے کا آڈیٹر جنرل اور نیب نے بھی نوٹس لیا ہے۔ مہرین رزاق بھٹو کے ضمنی سوال کے جواب میں شیری رحمان نے کہا کہ ہم زمین کے اوسط درجہ حرارت میں رواں صدی کے اختتام تک تین ڈگری سینٹی گریڈ اضافے کی طرف جارہے ہیں اس صورتحال میں ہمارے وسائل محدود ہیں۔ وزیراعظم نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں یہ بات واضح طور پر کی ہے کہ کوئی قصور نہ ہونے کے باوجود ہم زیادہ قیمت چکا رہے ہیں۔حالیہ سیلاب سے متاثر ہونے والے 33 ملین افراد میں زیادہ تعداد خواتین اور بچوں کی ہے اور اب بھی 20 ملین متاثرہ افراد شدید مشکلات کا شکار ہیں۔
پارلیمانی سیکرٹری زیب جعفر نے بتایا کہ وزارت تعلیم نے پی ٹی سی ایل سمیت کئی اداروں سے ایم او یو سائن کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ طلبا و طالبات کو سہولیات فراہم کرنے کے لئے ایچ ای سی نے مختلف اقدامات کئے ہیں۔ دنیا کی 500 یونیورسٹیز کی ایفلی ایشن کی گئی ہے اور اب پاکستان کے طلبا پاکستان میں پڑھ کر ان یونیورسٹیز کی ڈگریاں حاصل کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جہاں بجلی نہیں ہے وہاں پر موبائل ڈیٹا موجود ہے، جہاں موبائل ڈیٹا نہیں ہے وہاں پر پی ٹی سی ایل کا نیٹ ورک موجود ہے۔ ضمنی سوال پر زیب جعفر نے کہا کہ بلوچستان اور پسماندہ علاقوں کے بچوں کی تعلیمی سہولیات کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ ایچ ای سی کے پروگرامز سارے پاکستان کے لئے ہیں۔ ڈپٹی سپیکر نے متعلقہ حکام کو شمالی اور جنوبی وزیرستان سمیت پورے فاٹا میں موبائل نیٹ ورک شروع کرانے کی ہدایت کی ہے۔قومی اسمبلی کو بتایا گیا کہ ایبٹ آباد کے نواحی علاقوں میں فور جی سروس کی فراہمی کے لئے سروے ہو رہا ہے،وقفہ سوالات کے دوران وفاقی وزیر پارلیمانی امور مرتضی جاوید عباسی نے کہا کہ ایبٹ آباد کے نواحی علاقوں میں سے بعض علاقوں میں فور جی کی سروس ہے اور بعض علاقوں میں نہیں ہے۔ اس حوالے سے سروے ہو رہا ہے اور سروے کی تکمیل پر باقی ماندہ علاقوں میں فور جی سروس کا آغاز ہوگا۔
اجلاس کے دور ان مولانا عبدالاکبر چترالی ، احمد حسین دیہڑ، میر خان محمد جمالی اور سائرہ بانو کے توجہ مبذول نوٹس پر پارلیمانی سیکرٹری رانا ارادت شریف نے ایوان کو بتایا کہ مساجد کے بلوں میں ٹی وی فیس کا استثنی شامل ہے، اس وقت دو لاکھ 99 ہزار 469 مساجد کے بجلی بلوں میں ٹی وی فیس کا استثنی دیا گیا ہے، یہ تمام مساجد ڈسکوز کے ساتھ رجسٹرڈ ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ جن مساجد کے بل کنزیومر کی کیٹگری میں ہیں صرف ان کو بل آرہے ہیں، ایسی مساجد کی انتظامیہ متعلقہ آر او کے دفتر میں سادہ درخواست کے ذریعے اس فیس سے استثنیٰ حاصل کر سکتے ہیں۔ ڈپٹی سپیکر نے معاملے کا تفصیلی طور پر جائزہ لینے کے لئے اسے متعلقہ قائمہ کمیٹی کے سپرد کردیا۔



