بینجمن نیتن یاہو

نیتن یاہو کی گادی آئزنکوٹ کو وزارت عظمیٰ کی پیشکش، خود متبادل وزیراعظم بننے پر آمادگی ظاہر کر دی

یروشلم (نمائندہ خصوصی) اسرائیلی وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو نے قومی اتحاد حکومت کے قیام کیلئے اہم سیاسی پیشکش کرتے ہوئے گادی آئزنکوٹ کو پہلے وزیراعظم کا عہدہ سنبھالنے کی پیشکش کر دی، جبکہ خود ابتدائی دور میں متبادل وزیراعظم کا عہدہ قبول کرنے پر آمادگی ظاہر کی ہے۔

نیتن یاہو نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ اسرائیل کو درپیش سنگین خطرات کے پیش نظر قومی اتحاد ناگزیر ہے اور موجودہ حالات میں سیاسی اختلافات ایک طرف رکھ کر تمام متعلقہ جماعتوں کو متحد ہونا چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ لیکوڈ جماعت نے آئزنکوٹ کی جماعت کے مقابلے میں تقریباً اڑھائی لاکھ زیادہ ووٹ حاصل کیے ہیں، اس کے باوجود وہ قومی اتحاد کے مفاد میں وزارت عظمیٰ پہلے آئزنکوٹ کو دینے کیلئے تیار ہیں۔

اسرائیلی وزیراعظم نے تمام ایسی جماعتوں کو متحد کرنے پر زور دیا جو اسرائیل کو یہودی عوام کی قومی ریاست تسلیم کرتی ہیں، اور آئزنکوٹ سے فوری، سنجیدہ اور تیز رفتار مذاکرات شروع کرنے کی اپیل بھی کی تاکہ قومی اتحاد حکومت تشکیل دی جاسکے۔

نیتن یاہو نے اپنے بیان میں دعویٰ کیا کہ ایران کی سرپرستی میں فلسطینی ریاست کا قیام اسرائیل کیلئے خطرہ ہوگا، ایسی حکومت تشکیل دینے کی ضرورت ہے جو ملک کو درپیش سلامتی کے خطرات کا مقابلہ کرسکے۔

نیتن یاہو کی پیشکش کے بعد گادی آئزنکوٹ نے بھی مذاکرات کیلئے آمادگی ظاہر کی اور کہا کہ وہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران لیکوڈ جماعت کے اتحاد کے حوالے سے سنجیدگی کا جائزہ لیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں