شیخ رشید

یہ کوئی نائن زیرو نہیں، شیخ رشید نے لال حویلی خالی کرنے کا حکم چیلنج کردیا

راولپنڈی (گلف آن لائن)سابق وزیرداخلہ شیخ رشیدنے لال حویلی خالی کرنے کا حکم عدالت میں چیلنج کردیا۔شیخ رشید کی جانب سے دائر درخواست میں کہا گیا کہ لال حویلی سابق وفاقی وزیرکی ملکیت ہے اس کے خلاف سیاسی انتقامی کارروائی کی گئی، مقدمے کی تاریخ 24 اکتوبرمقرر ہے اس کے باوجود غیر قانونی نوٹس بھیجا گیا۔

درخواست دائر کرنے کیلئے شیخ رشید کے بھتیجے راشد شفیق بھی عدالت میں پیش ہوئے۔ایڈیشنل سیشن جج خورشیدعالم نے شیخ رشید کی درخواست پر ڈائریکٹرمتروکہ وقف املاک کونوٹس جاری کردیا۔

عدالت نے حکام کو مکمل ریکارڈ کے ساتھ طلب کرتے ہوئے کوئی بھی غیر قانونی اقدام نہ کرنے کا حکم دیا ہے۔دوسری جانب ایک بیان میں شیخ رشید نے کہا کہ 16وزارتوں کی تحقیق اور تفتیش میں تمام اداروں کو میری خلاف کچھ نہیں ملا، اب 3 مرلہ کی لال حویلی نکال دی ہے،لال حویلی کوئی نائن زیرو نہیں۔

انہوں نے کہا کہ نااہل حکمران اپنے لیے رسوائی اور ہمیں پذیرائی دے رہے ہیں، لال حویلی تاریخ ہے جسے کوئی ختم نہیں کرسکتا۔ضمنی الیکشن سے متعلق شیخ رشید نے کہاکہ عمران خان کا 8 میں سے 6 نشستیں جیتناعالمی ریکارڈ ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں