لاہور (نمائندہ خصوصی)وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال نے نوجوان انجینئرز پر زور دیا ہے کہ وہ علم، جدت، پیشہ ورانہ دیانت اور خدمت کے جذبے سے پاکستان کی معاشی تبدیلی میں قائدانہ کردار ادا کریں۔
انہوں نے فارغ التحصیل نوجوانوں کو جنریشن سینتالیس، ٹو پوائنٹ زیرو قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ نسل2047ء میں پاکستان کی آزادی کے سو سال مکمل ہونے تک ملک کو کامیابی کی داستان بنانے کی ذمہ داری سنبھالے۔اپنی مادرِ علمی، یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی لاہور کے کانووکیشن سے بطور مہمانِ خصوصی خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان کا مستقبل ایسے نوجوان پیشہ ور افراد کی صلاحیتوں سے تشکیل پائے گا جو تکنیکی مہارت کے ساتھ مضبوط کردار اور قومی خدمت کا شعور رکھتے ہوں۔جامعہ سے اپنی وابستگی کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ اسٹوڈنٹس یونین کے صدر کی حیثیت سے انہیں 1981ء میں دس سال کے وقفے کے بعد یونیورسٹی کا کانووکیشن منعقد کرانے کا اعزاز حاصل ہوا تھا۔
انہوں نے اپنے اساتذہ کو خراجِ تحسین پیش کیا اور فارغ التحصیل طلبہ کی کامیابی میں والدین کی قربانیوں کو سراہا۔احسن اقبال نے کہا کہ مصنوعی ذہانت، روبوٹکس، جدید مادے اور ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز انجینئرنگ، پیداوار اور عالمی مسابقت کے تقاضے بدل رہی ہیں۔ نوجوان ان ٹیکنالوجیز پر عبور حاصل کرنے کے ساتھ آزادانہ سوچ، مسلسل سیکھنے اور ذمہ دارانہ فیصلے کرنے کی صلاحیت پیدا کریں۔انہوں نے کہا کہ آپکی ڈگری بتاتی ہے کہ آپ اب تک کیا سیکھ چکے ہیں۔ آپ کا مستقبل اس بات سے بنے گا کہ آپ آگے کتنا سیکھتے ہیں۔وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان کو مسابقتی مصنوعات اور تکنیکی حل ڈیزائن کرنے، تیار کرنے اور برآمد کرنے کی صلاحیت بڑھانا ہوگی۔ اڑان پاکستان کی ترجیحات کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے صنعتی پیداوار، قابلِ اعتماد توانائی، پانی کے مثر استعمال، موسمیاتی خطرات کا مقابلہ کرنے والے بنیادی ڈھانچے، ڈیجیٹل تبدیلی اور زرعی ٹیکنالوجی کو نوجوان انجینئرز کے لیے اہم میدان قرار دیا۔”معرکہ ترقی ”کی وضاحت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس کی کامیابی کا اظہار مضبوط اداروں، کامیاب کاروبار، باوقار روزگار اور عام آدمی کی زندگی میں بہتری کی صورت میں ہوگا۔انہوں نے کہا کہ 1947ء کی نسل نے ہمارے لیے آزاد وطن حاصل کیا۔
آپ کی نسل نے علم، ہنر، محنت، خدمت اور کردار سے اس وطن کے وعدے کو پورا کرنا ہے۔احسن اقبال نے نوجوانوں کو بامقصد زندگی، مستقل محنت، ناکامی کے بعد دوبارہ کوشش اور پیشہ ورانہ دیانت کو اپنا شعار بنانے کی تلقین کی۔ انہوں نے کہا کہ انجینئر کے دستخط عوام کی سلامتی سے جڑے ہوتے ہیں اور علم، وسائل اور اختیار ایک امانت ہیں۔انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ معلومات آگے بڑھانے سے پہلے ان کی تصدیق کریں، تعمیری تنقید کے ساتھ قومی خوداعتمادی برقرار رکھیں اور مسائل کے حل میں اپنا حصہ ڈالیں۔
وفاقی وزیر نے جامعات اور صنعت کے روابط مضبوط بنانے اور خواتین انجینئرز کو ترقی کے بھرپور مواقع دینے پر بھی زور دیا۔ بیرونِ ملک کام کرنے والے پاکستانی انجینئرز کو مخاطب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ علم، تحقیق، سرمایہ کاری اور پیشہ ورانہ تعلقات کے ذریعے پاکستان کی ترقی سے اپنا فعال رشتہ قائم رکھیں۔خطاب کے اختتام پر انہوں نے کہا کہ نوجوان آج سے یہ سوال اپنی زندگی کا حصہ بنائیں کہ جب پاکستان سو سال کا ہوگا تو وہ اس کی کامیابی میں کیا حصہ ڈال چکے ہوں گے۔



