وزیر اعظم شہباز شریف

پاکستان کے عوام کشمیریوں کی منصفانہ جدوجہد میں ان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں،وزیراعظم

اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کے عوام کشمیریوں کی منصفانہ جدوجہد میں ان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں،دنیا کو بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر آنکھیں بند نہیں کرنی چاہئیں۔جمعرات کو ایک ٹوئٹ میں وزیر اعظم نے کہا کہ27 اکتوبر کا دن یوم سیاہ کے طور پر منایا جاتا ہے،1947 میں اس دن بھارت نے جموں و کشمیر پر غیر قانونی، غیر اخلاقی اور زبردستی قبضہ کیا تھا۔

انہوںنے کہاکہ یہ دن کشمیریوں کے بے مثال حوصلے اور جرات مندی کا منہ بولتا ثبوت ہے جو انہوں نے گزشتہ 75 سال کے دوران بھارتی قابض افواج کا ڈٹ کر مقابلہ کر کے دکھائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج پاکستانی عوام کشمیریوں کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہیں اور ان کی منصفانہ جدوجہد میں ان کے شانہ بشانہ کھڑے رہنے کا عزم کرتے ہیں۔انہوںنے کہاکہ دنیا کو بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر میں بھارت کی طرف سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر آنکھیں بند نہیں کرنی چاہئیں، جو کہ ایک بہت بڑا فوجی علاقہ بن چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کی آزادی کی خواہش کو زیادہ دیر تک دبایا نہیں جا سکتا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں