حمزہ شہباز

وقت عمران خان کو بڑے اچھے طریقے سے بے نقاب کر رہا ہے’حمزہ شہباز

لاہور (گلف آن لائن) پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف و مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ آہستہ آہستہ وقت عمران خان کو بڑے اچھے طریقے سے بے نقاب کر رہا ہے،عمران خان نے قوم کا وقت ضائع کیا ،اداروں کے خلاف غلیظ زبان استعمال کی اور پوری دنیا میں پاکستان کو بدنام کروایا ،اسی ماہ نومبر میں آرمی چیف کی تعیناتی ہونی ہے، مجھے امید ہے کہ جو آئین اور قانون کے مطابق ایک سلسلہ ہے وہ آگے بھی چلے گا۔

انہوں نے لاہور کی احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میری طبیعت ٹھیک نہیں تھی جس کے باعث میں نے سیاسی سرگرمیاں ترک کردی تھیں ، اب میری طبیعت بہتر ہوئی ہے تو اپنا آفس ہولڈ کروں گا ۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کی روایت ہے کہ وہ ہر بیان پہ یو ٹرن لیتا ہے ، اب ایک بار پھر اپنے بیانیہ سے پچھلے ہٹ رہا ہے ،سائفر پر آج آپ نے یو ٹرن لے لیا ہے، یہ سیاست نہیں ہے، انہوں نے ملک کا تماشہ بنا دیا ہے، یہ سب جھوٹ پر مبنی سیاست ہے، ذاتی مفادات ہیں۔آنے والے دنوں میں بھی عمران خان مزید بے نقاب ہوں گے۔حمزہ شہباز نے کہ اکہ عمران خان نے کہا تھا کہ خودکشی کر لوں گا مگر آئی ایم ایف نہیں جاوں گا، یہ ان کی روایت ہے کہ ہر بات سے پیچھے ہٹ جاتے ہیں۔عمران خان آج تک توشہ خانے کا جواب نہیں دے سکے، فارن فنڈنگ کیس کا بھی آج تک جواب نہیں دیا۔

یہ ان کی کسی طرح اقتدار میں آنے کی کوشش ہے، یہ چیزیں ڈھکی چھپی نہیں رہیں گی، عمران خان کو جواب دینا پڑے گا۔انہوں نے کہا کہ جب چاہیں جھوٹا بیانیہ بنا کر کہیں کہ میرے خلاف سازش ہوئی ہے، جب چاہیں کہیں کہ نہیں اب اس بیانیے سے پیچھے ہٹتا ہوں۔اس طرح تو اسکول کے بچے نہیں کرتے جس طرح عمران خان اس ملک کے ساتھ کر رہے ہیں، یہ ملک ان تماشوں کا متحمل نہیں ہو سکتا۔حمزہ شہباز نے مزید کہا کہ اگر ملک آگے نہیں چلے گا، معیشت بحال نہیں ہو گی تو اس ملک میں کونسی سیاست ہو گی؟۔انہوں نے کہا کہ اسی ماہ نومبر میں آرمی چیف کی تعیناتی ہونی ہے، مجھے امید ہے کہ جو آئین اور قانون کے مطابق ایک سلسلہ ہے وہ آگے بھی چلے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں