انجینئر خرم دستگیر خان

ملک تاریخی ترقی و خوشحالی کی طرف چل نکلا ،ڈیفالٹ نہیں ہو گا ، افواہوں کا سلسلہ بند ہونا چاہیے’انجینئر خرم دستگیر خان

لاہور ( نمائندہ خصوصی)وفاقی وزیر برائے توانائی انجینئر خرم دستگیر خان نے کہا ہے کہ ملک تاریخی ترقی و خوشحالی کی طرف چل نکلا ہے ،ڈیفالٹ نہیں ہو گا ، افواہوں کا سلسلہ بند ہونا چاہیے ،وزیر اعظم شہبازشریف کی دن رات محنت کی بدولت عمران نیازی کی وجہ سے ناراض دوست ممالک اب مان گئے اور ان سے تعلقات مثالی بن چکے ،روس کیساتھ بھی توانائی پر بات چل رہی ہے قوم کو مایوس نہیں کریں گے ،پاکستان کی تاریخ یاد رکھے گی سب سے زیادہ ترقی خوشحالی نواز شریف اور شہباز شریف کی قیادت میں مسلم لیگ (ن) کے دور میں ہوئی ، عمران خان نیازی کو گالم گلوچ اور دھرنوں کی سیاست سے فرصت ملتی تو کچھ کرتے ،انکے وزراء کی لوٹ مار کی سزا آج قوم مہنگائی ،بے روزگاری کی صورت میں بھگت رہے ہیں،عمران خان نیازی کو عوام مسترد کرچکے ،اگلے انتخابات میں ووٹ کی طاقت سے قوم سیاسی انتقام لیں گے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ضلع شیخوپورہ میں 500 کے وی گرڈ سٹیشن لاہور نارتھ، 220 کے وی قائداعظم بزنس پارک گرڈ سٹیشن اور متعلقہ ٹرانسمیشن لائنز کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔منصوبے پر مجموعی طور پر 24 ارب روپے لاگت آئے گی۔ انہوں نے قائداعظم بزنس پارک گرڈ سٹیشن کی منسلک 4 کلومیٹر طویل ٹرانسمیشن لائن کا بھی افتتاح کیا۔سنگ بنیاد کی تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے وزیر توانائی انجینئر خرم دستگیر خان نے نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی (این ٹی ڈی سی) کو نئے گرڈ سٹیشنز اور 113 کلومیٹر طویل بلوکی کنورٹر سٹیشنـ 500 کے وی لاہور نارتھ گرڈ سٹیشنـ500 کے وی نوکھر گرڈ سٹیشن ٹرانسمیشن لائن کے دو میگا پراجیکٹس شروع کرنے پر سراہا۔

انہوں نے کہا کہ 500 کے وی لاہور نارتھ گرڈ سٹیشن لائن لاسز کم کرنے اور متعلقہ تقسیم کار کمپنیز لیسکو اور گیپکو کے نیٹ ورک میں وولٹیج پروفائل کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا جس سے بجلی کی قیمت میں بھی کمی آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت تھر کے کوئلے، ہوا، سولر اور ہائیڈل جیسے مقامی وسائل سے سستی بجلی کی پیداوار پر توجہ دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صرف تھر کے کوئلے سے 2000 میگاواٹ سستی بجلی جون 2023ء کے اختتام سے قبل نیشنل گرڈ میں شامل کر دی جائے گی۔انجینئر خرم دستگیر خان نے 220 کے وی قائداعظم بزنس پارک گرڈ سٹیشن کا سنگِ بنیاد بھی رکھا۔ سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب کے دوران وزیر توانائی نے کہا کہ اس منصوبے کا بنیادی مقصد پنجاب انڈسٹریل اسٹیٹ ڈویلپمنٹ مینجمنٹ کمپنی کی جانب سے تیار کیے جانے والے قائداعظم بزنس پارک اسپیشل اکنامک زون کی لوڈ ڈیمانڈ کو پورا کرنا ہے۔ یہ منصوبہ 3 ارب روپے کی لاگت سے مکمل کیا جائے گا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر توانائی خرم دستگیر نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ یاد رکھے گی سب سے زیادہ ترقی خوشحالی میاں نواز شریف اور میاں شہباز شریف کی قیادت میں مسلم لیگ (ن) کے دور میں ہوئی ۔نواز شریف نے پاکستان میں بجلی کا بحران حل کردیا تھا مگر عمران خان نیازی نے ہمارے تیار کردہ بجلی انفاسٹرکچر پر توجہ نہ دی اسے گالم گلوچ اور دھرنوں جلسے جلوسوں کی سیاست سے فرصت ملتی تو کچھ کرتے ،انکے وزرا ء کی لوٹ مار کی سزا آج قوم مہنگائی بے روزگاری کی صورت میں بھگت رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ عمران خان نیازی ملک کیلئے سکیورتی رسک بن چکا تھا اس نے وہ سیاست کی جو ملک دشمن بھی نہیں کرتے ۔

پاکستان کیخلاف افواہوں کا سلسلہ بند ہونا چاہئے انشااللہ یہ ڈیفالٹ نہیں ہوگا بلکہ تاریخی ترقی و خوشحالی کی طرف چل نکلا ہے ۔عمران خان نیازی کو عوام مسترد کرچکے اور اگلے الیکشن میں ووٹ کی طاقت سے قوم اس سے سیاسی انتقام لیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف کی دن رات محنت کا نتیجہ ہے عمران خان نیازی کی وجہ سے جو ناراض دوست ممالک تھے وہ مان گئے ہیں سی پیک شروع ہوچکا سعودی عرب ترکیہ قطر عرب امارات کیساتھ تعلقات مثالی بن چکے ،روس کیساتھ بھی توانائی پر بات چل رہی ہے ،قوم کو مایوس نہیں کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ ترقی خوشحالی پاکستان کی بقا کا دوسرا نام نواز شریف اور شہباز شریف ہیں ۔نواز شریف بہت جلد پاکستان آرہے ہیں اور اگلے الیکشن کی قیادت کرکے ملک و عوام دشمن عناصر کو شکست سے دوچار کریں گے۔ قبل ازیں منیجنگ ڈائریکٹر این ٹی ڈی سی انجینئر ڈاکٹر رانا عبدالجبار خان نے بھی سنگ بنیاد کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لاہور نارتھ گرڈ سٹیشن منصوبہ ایشیائی ترقیاتی بنک کی معاونت سے تعمیر کیا جارہا ہے۔یہ منصوبہ 20.7 بلین روپے کی لاگت سے مارچـ2024 (630 دن کی تکمیل کی مدت) میں مکمل کر لیا جائے گا۔

یہ منصوبہ لیسکو کی بڑھتی ہوئی طلب کو پورا کرنے کے ساتھ ساتھ این ٹی ڈی سی، لیسکو اور گیپکو کے ترسیلی نظام کو مزید بہتر کرے گا۔منیجنگ ڈائریکٹر این ٹی ڈی سی نے بھی سنگ بنیاد کی تقریب سے خطاب کیا اور کہا کہ یہ منصوبہ سپیشل اکنامک زون میں قائم ہونے والی صنعت کو فروغ دینے میں مددگار ثابت ہوگا۔ یہ منصوبہ 2023 کی چوتھی سہ ماہی میں مکمل ہو جائے گا۔ جنرل منیجر / کنٹری ہیڈ (CET)، مسٹر وانگ بو، منیجنگ ڈائریکٹر ٹرانس مارک، منصور ایچ ناصر اور مقامی سیاست دانوں نے بھی سنگ بنیاد کی تقریبات سے خطاب کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں