عبد القادرپٹیل

سیلاب سے متاثرہ پولیو ورکرز میں 250 ملین روپے تقسیم کیے جائیں گے ، عبد القادرپٹیل

اسلام آباد (گلف آن لائن)وفاقی وزیر صحت عبد القادر پٹیل نے کہا ہے کہ سیلاب سے متاثرہ پولیو ورکرز میں 250 ملین روپے تقسیم کیے جائیں گے ۔ اپنے بیان میں عبد القادر پٹیل نے کہاکہ حکومت پولیو ورکرز کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتی ہے ۔ انہوںنے کہاکہ ورکرز نے سیلاب میں نقصانات اٹھانے کے باوجود سیلاب زدگان کی امداد ی سرگرمیاں جاری رکھیں ۔ وزیر صحت نے کہاکہ پاکستان پولیو پروگرام نے نقصانات کا ایک جامع جائزہ لیا ہے،پولیو ورکرز کوسیلاب کے دوران کافی نقصان اٹھانا پڑا ۔ انہوںنے کہاکہ سیلاب کی تباہی سے 33 ملین افراد اور ملک کا ایک تہائی حصہ پانی کی ضد میں تھا ،پولیو ورکرز کو زیادہ سے زیادہ معاوضہ کو یقینی بنایا ۔

وزیر صحت نے کہاکہ اس آزمائش کی گھڑی میں ہم اپنے ورکرز کو اکیلے نہیں چھوڑ سکتے۔ عبد القادر پٹیل نے کہاکہ ہماری پہلی ترجیح ہمیشہ پولیو ورکرز ہیں۔ پاکستان کے لیے ان کی خدمات بے شمار ہیں ۔ عبد القادر پٹیل نے کہاکہ پولیو پروگرام کے مطابق تقریباً 12500 پولیو ہیلتھ ورکرز سیلاب سے متاثر ہوئے ،ان پولیو ورکرز کی اکثریت سندھ اور بلوچستان میں ہے۔ عبد القادر پٹیل نے کہاکہ حکومت ملک بھر کے پولیو ورکرز میں تقریباً 250 ملین روپے کے چیک تقسیم کرے گی ۔ عبد القاد رپٹیل نے کہاکہ ٹھٹھہ میں سیلاب سے متاثرہ فرنٹ لائن ورکرز میں چیک تقسیم کیے ہیں ، ان ورکرز کے گھر یا تو سیلاب میں بہہ گئے تھے یا جزوی طور پر نقصان پہنچا۔ انہوںنے کہاکہ نقصان اٹھانے کے باوجود شہریوں اور سیلاب کی امدادی کارروائیوں میں حکومت کا ساتھ دیا۔

کوآرڈینیٹر پولیو شہزاد بیگ نے کہاکہ سیلاب سے متاثر ہونے والے ورکرز کی شناخت کرنا، اور ان کی فہرست مرتب کرنا بہت مشکل کام تھا ،ہمارا 350000 سے زیادہ فرنٹ لائن عملہ ہے ، تمام صوبوں میں ایک وسیع پیمانے پر سروے کیا گیا ہے ، شہزاد بیگ نے کہاکہ فرنٹ لائن ورکرز پولیو پروگرام میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں