شیری رحمان

پی ٹی آئی کو سیلاب زدگان اور بڑھتی ہوئی دہشتگردی سے کوئی سروکار نہیں، شیری رحمان

اسلام آباد(نیوز ڈیسک)وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی سینیٹر شیری رحمن نے کہا ہے کہ ملک میں ابھی بھی 2کروڑ سیلاب زدگان کو امداد کی ضرورت ہے، پی ٹی آئی سیلاب متاثرین کو پیغام دے رہی ہے کہ عمران خان کی سیاست اہم ہے۔شیری رحمن نے ٹوئٹر پر اپنے بیان میں پاکستان تحریکِ انصاف کی طرزِ سیاست پر تنقید کرتے ہوئے لکھا کہ دہشتگردی کے واقعات میں اضافہ ہو رہا ہے، ان کو سیلاب زدگان اور بڑھتی ہوئی دہشتگردی سے کوئی سروکار نہیں۔

انہوںنے کہاکہ تمام منصوبوں میں ناکامی پر پاکستان تحریک احتجاج پھر مظاہرے کرنے جا رہی ہے۔شیری رحمن نے کہاکہ دو شارٹ مارچ، استعفوں اور اسمبلیاں تحلیل کرنے کی دھمکی میں ناکامی ہوئی، اب ان کے پاس احتجاج کے علاوہ کوئی آپشن نہیں بچا۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان تحریک احتجاج ملک چلا سکی نہ ان میں پارلیمانی اپوزیشن کا کردار ادا کرنے کی صلاحیت ہے۔شیری رحمن نے کہاکہ اِنہوں نے بس تقسیم، گالم گلوچ، الزام تراشی اور کنٹینر کی سیاست کرنی ہے، لوگ اب ان کی طرز سیاست سے تنگ آچکے ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پی ٹی آئی کی سیاست کا محور ملک اور عوام نہیں عمران خان کا ذاتی مفاد ہے۔
٭٭٭٭٭

اپنا تبصرہ بھیجیں