اسد عمر

دورہ روس عمران خان کے اقتدار کے خاتمے میں آخری کیل ثابت ہوا ، اسد عمر

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی ) پاکستان تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل اسدعمر نے کہا ہے کہ دورہ روس عمران خان کے اقتدار کے خاتمے میں آخری کیل ثابت ہوا ، دورہ روس سے قبل حکومت ہٹانے کی منصوبہ بندی ہوچکی تھی ،گزشتہ سال عمران خان کی 26سالہ جدوجہد میں سب سے زیادہ کامیاب ثابت ہوا ، پیر کے روز نجی ٹی وی سے گفتگوکرتے ہوئے اسد عمر نے کہا کہ عمران خان نے دسمبر میں بتایا تھا کہ اگلے دو تین ماہ بہت اہم ہونگے ، عمران خان کہتے تھے کہ مارچ بہت اہم ہوگا ، لیکن تفصیل نہیں بتاتے تھے ، انہوں نے کہا کہ عمران خان نے پہلی بار فروری 2022میں بتایا کہ ہوکیا رہا ہے ،عمران خان کا دورہ روس اقتدار کے خاتمے میں آخری کیل ثابت ہوا ۔

دورہ روس سے قبل حکومت ہٹانے کی منصوبہ بندی ہوچکی تھی ۔ اقتدار ختم ہونے سے دس پندرہ دن پہلے عمران خان کو کہا کہ مجھے ملاقات کا وقت دیں۔ جب ملاقات کیلئے گیا تو خان صاحب کو بتادیا تھا کہ گیم ہوچکی ہے ، خان صاحب کو بتا دیا تھا کہ جو ہم چاہتے ہیں اب ویسا نہیں ہوگا ، اسد عمر نے کہا کہ افواہوں کا بازار گرم تھا ۔ قیدیوں کی گاڑی وزیراعظم ہاوس کا مجھے علم نہیں تھا اگلے دن پتہ چلا تھا ۔

رات پونے 12بجے ہم 8سے 10لوگ اکٹھے تھے ،عمران خان مطمئن بیٹھے تھے، اسد عمر نے کہا کہ عدم اعتماد پر ووٹنگ کی خبر نشر ہونا شروع ہوئی تو میں وہاں سے اٹھ گیا ، عمران خان سے کہا کہ مجھے اجازت دیں میں جارہا ہوں یہ سب نہیں دیکھ سکتا ، انہوں نے مجھ سے پوچھا کہ کیوں جارہے ہو تو میں جواب میں جواب دیا کہ مجھے پتہ ہے کہ ووٹ کا رزلٹ کیا ہوگا ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں