پروفیسر الفرید ظفر

جنرل ہسپتال:سائیکا ئٹری آؤٹ ڈور کی تزئین و آرائش، پروفیسر الفرید ظفر نے افتتاح کیا

لاہور(زاہد انجم سے)جنرل ہسپتال لاہور،شعبہ نفسیات کے ڈاکٹرز نے اپنی مدد آپ کے تحت سائیکا ئٹری آؤٹ ڈور کی تزئین و آرائش (رینوویشن) مکمل کر کے انسانی خدمت کی اعلیٰ مثال قائم کر دی اور ان اقدامات کے بعد آنے والے مریضوں کی سہولیات کو مزید بہتر بنا دیا گیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ پروفیسر ڈاکٹر محمد الفرید ظفر نے سائیکا ئٹری او پی ڈی کی افتتاحی تقریب کے بعد مریضوں کے لواحقین سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر ہیڈ آف دی ڈیپارٹمنٹ سائیکا ئٹری ڈاکٹر فائزہ اطہر،ایم ایس ڈاکٹر خالد بن اسلم، ڈاکٹر رضوان، ڈاکٹر زاہد، ڈاکٹر انیلہ،ڈاکٹر فرحانہ، ڈاکٹر نادیہ، ڈاکٹر اُسامہ انیس سمیت دیگر ڈاکٹرز موجود تھے۔

پروفیسر الفرید ظفر نے اپنی گفتگو میں کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ کورونا و دیگر عوامل کے باعث نفسیاتی امراض میں اضافہ مشاہدے میں آیا ہے اور ایل جی ایچ کے شعبہ سائیکا ئٹری آؤٹ ڈور میں ہر ماہ تقریبا دو ہزار مریض علاج معالجے کے لئے آ رہے ہیں۔پرنسپل پی جی ایم آئی کا کہنا تھا کہ ڈاکٹرز کے باہمی مالی تعاون سے آؤٹ ڈور کو نہ صرف رینوویٹ کیا گیاہے بلکہ اس میں نئے کیبنز بھی بنا دیے گئے ہیں تاکہ تمام مریض با آسانی اپنے متعلقہ معالج کو پرائیویسی کے ساتھ اپنی نفسیاتی الجھنوں سے متعلق آگاہ کر کے رہنمائی حاصل کر سکیں۔انہوں نے کہا کہ نفسیاتی امراض کو کم کرنے کے لئے لوگوں کو مکمل آگاہی،رہنمائی اور کونسلنگ بھی ضروری ہے تاکہ وہ اپنے معاملات کو احسن طریقے سے نمٹا نے کے اہل ہو سکیں۔ انہوں نے کہا کہ دینی اقدار سے دوری بھی ذہنی و نفسیاتی امراض کا ایک بڑا سبب ہے،ہمیں چاہیے کہ محض دنیا داری میں سارا وقت گزارنے کی بجائے اپنے مذہبی اقدار اور دینی شعار پر عمل پیرا ہوں تاکہ ذہنی و قلبی سکون حاصل ہو۔ انہوں نے کہا کہ قرآن پاک میں اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے کہ”اللہ کے ذکر سے ہی دلوں کو سکون ملتا ہے “۔

پروفیسر الفرید ظفر نے ڈاکٹرز کی جانب سے کار خیر میں حصہ لینے پر انہیں مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ مخلوق خدا کی خدمت ہی اصل عباد ت ہے اور یہ معالج دیگر لوگوں کے لئے ایک ماڈل ہیں جس کی ہر شکل میں تقلید ہونی چاہیے۔انہوں نے تمام ڈاکٹرز کی کارکردگی کو سراہا اور بطور سربراہ انہیں اپنے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں