یونیسکو

دنیا بھر میں اسکول جانیوالے ایک تہائی بچوں کو پینے کا صاف پانی میسر نہیں، یونیسکو

نیویارک(گلف آن لائن)اقوام متحدہ کے ادارہ برائے سائنس، تعلیم اور ثقافت یونیسکو نے کہا ہے کہ دنیا بھر میں اسکول جانے والے ہر3میں سے ایک بچے کو پینے کے صاف پانی تک رسائی حاصل نہیں جس کے نتیجے میں طالبعلموں کی صحت اور سیکھنے کی صلاحیت متاثر ہوتی ہے۔یونیسکو کی جانب سے جاری ایک نئی رپورٹ میں بتایا گیا کہ دنیا بھر میں اسکول جانے والے ایک تہائی بچے پینے کے صاف پانی سے محروم ہیں۔

رپورٹ میں بتایاگیا کہ دنیا بھر میں ہر3میں سے ایک اسکول میں ٹوائلٹ اور نکاسی آب کی بنیادی سہولیات موجود نہیں جبکہ لگ بھگ 50فیصد اسکولوں میں پانی اور صابن سے ہاتھ دھونے کی سہولیات دستیاب نہیں۔رپورٹ مرتب کرنیوالے ماہرین نے بتایا کہ پینے کا صاف پانی اور ہاتھ دھونے کی سہولیات بچوں کو ہیضہ اور نظام تنفس کے امراض سے بچانے کیلئے اہم ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پینے کے صاف پانی سے محروم اسکول طالبعلموں کے لیے کھانا بھی تیار نہیں کرسکتے جس سے بچے کم خوراکی کا شکار ہو جاتے ہیں۔ماہرین نے کہاکہ دنیا بھر کی حکومتوں کو پانی اور نکاسی آب کیساتھ ساتھ ان تمام شعبوں میں زیادہ سرمایہ کاری کرنا چاہیے جس سے بچے معیاری تعلیم حاصل کرسکیں۔انہوں نے کہاکہ اگر بچوں کی صحت اچھی نہیں ہوگی یا انہیں اسکولوں میں تحفظ نہیں ملے گا تو ان کے لیے تعلیم کا حصول بھی بہت مشکل ہو جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں