شعیب اختر

اگر ورلڈکپ میں شاہین کی جگہ میں ہوتا تو گھٹنا تڑوالیتا لیکن 12 گیندیں بھی کرواتا،شعیب اختر

راولپنڈی(گلف آن لائن)راولپنڈی ایکسپریس شعیب اختر نے فاسٹ بولر شاہین آفریدی کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں انجرڈ ہونے پر گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر میں شاہین کی جگہ ہوتا گٹھنا تڑوالیتا مرجاتا تاہم 12 گیندیں ضرور کرواتا۔نجی ٹی وی کو دیے گئے انٹرویو کے دوران میزبان کے سوال پر شعیب اختر نے شاہین شاہ سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اگر میں شاہین کی جگہ ہوتا اور اس وقت میرے پاس 12 منٹ اور 12 گیندیں ہوتیں تو میں ان 12 گیندوں سے پاکستان کی سب سے بڑی سیلیبرٹی بن جاتا، میں قوم کا ہیرو بن جاتا۔

سابق کرکٹر نے کہاکہ اس روز میں ایک گیند کرتا اس کے بعد آکر گرتا، میرا گٹھنا ٹوٹتا میرا منہ زمین پر لگتا، میرے منہ سے خون آرہا ہوتا تاہم میں پھر کھڑا ہوتا میں انجکشن لگواتا، گٹھنے کو سن کرتا، پھر گرتا، پھر اٹھتا، پھر آتا اور پھر گرتا، لوگ مجھے کہتے تم گرجاؤ گے تمہارا گٹھنا ٹوٹ جائے گا، میں کہتا میرے لیے مرجانا بہتر ہے اس وقت لیکن ورلڈکپ ہاتھ سے نہ جائے۔انگلینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے لمحات کو محسوس کرتے ہوئے شعیب اختر نے کہاکہ یہ وہ لمحہ تھا جہاں آپ سپر اسٹار بن سکتے تھے، اگر میں اس روز شاہین کی جگہ ہوتا تو میں پاکستان کیلئے مرجاتا، میں گٹھنا تڑوالیتا کیوں کہ مجھے پتا ہے کہ گھٹنا جڑ جائے گا تاہم یہ لمحہ واپس نہیں آنا تھا۔

واضح رہے کہ ورلڈکپ کے فائنل میچ کے دوران کیچ لیتے ہوئے شاہین آفریدی کا گھٹنا زمین پر لگا تھا جس کے بعد شاہین اپنا اوور مکمل نہیں کرسکے تھے، وہ 16 ویں اوور کی ایک گیند کراکر میدان سے باہر چلے گئے جس کے بعد باقی اوور افتخار احمد نے مکمل کیا تاہم انگلینڈ کی فتح کے بعد پاکستان کو ورلڈکپ سے ہاتھ دھونا پڑا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں