زمان خان

پاکستان ٹیم میں آنے کا خواب پورا ہوگیا،اپنے مقصد کے لئے بہت محنت کی ‘ زمان خان

لاہور ( گلف آن لائن) پاکستان سپر لیگ کی ٹیم لاہور قلندرز کے فاسٹ بولر زمان خان نے کہا ہے کہ پاکستان ٹیم میں آنے کا خواب پورا ہوگیا ہے، شعیب اختر کو شروع میں دیکھ کر بولنگ شروع کی۔انہوں نے ایک انٹرویو کے دوران کہا کہ کارکردگی کے تسلسل کو برقرار رکھنے کی کوشش کی ہے، گزشتہ پی ایس ایل سیزن میں بھی اچھا پرفارم کیا اور اس مرتبہ بھی اس کے لیے کوشش کی اور اب قومی ٹیم میں نام آنے پر خوش ہوں۔انہوں نے کہا کہ انفرادی کارکردگی کے ساتھ ہماری ٹیم لاہور قلندرز بھی اچھا کر رہی ہے، ٹیم نے پی ایس ایل 7 جیتا اب بھی اسی کوشش میں ہیں۔

فاسٹ بولر نے کہا کہ ہر کرکٹر کا خواب ہوتا ہے کہ وہ اپنے ملک کی نمائندگی کرے جس کے لیے آپ محنت کرتے ہیں، میں نے اپنا مقصد پانے کے لیے بہت محنت کی ہے جتنا بتاں اتنا کم ہے۔زمان خان نے کہا کہ ڈومیسٹک کرکٹ پر فوکس کیا جہاں موقع ملا کھیلا اور پرفارم کیا۔انہوں نے کہا کہ شاہین آفریدی اور حارث رئوف سے بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملا، کیمپ میں ان سے سیکھ کر میچز میں اسی طرح کرنے کی کوشش کرتا ہوں۔لاہور قلندرز کے فاسٹ بولر نے کہا کہ جہاں تک ڈیتھ اوورز کا تعلق ہے میں اس کے لیے بڑی محنت کرتا ہوں، آف سیزن میں گھنٹوں پریکٹس کرتا ہوں،

میرا گول یہی ہے کہ جو اس وقت کر رہا ہوں اس سے اچھا پاکستان ٹیم کے لیے کروں۔نوجوان فاسٹ بولرز میں پائے جانے والے مقابلے کے بارے میں زمان خان نے کہا کہ نوجوان فاسٹ بولرز بہت آرہے ہیں، ان میں سخت مقابلہ ہے جب مقابلہ سخت ہو تو مزید محنت کرنا پڑتی ہے جو سب کر رہے ہیں اور میں بھی کر رہا ہوں۔زمان خان نے بتایا کہ میں شروع سے شعیب اختر کو دیکھ رہا ہوں وہ ہمارے اسپیڈ اسٹار رہے ہیں، میں نے انہی سے متاثر ہو کر بولنگ شروع کی۔واضح رہے کہ زمان خان کو افغانستان کے خلاف ٹی ٹونٹی سیریز کے لیے پاکستان ٹیم کے اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں