زمان پارک

زمان پارک آپریشن ، پولیس پر حملے،پی ٹی آئی کارکنوں پر تین مقدمات درج کر لئے گئے

لاہور(گلف آن لائن) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی رہائشگاہ زمان پارک جانے والی پولیس ٹیم پر حملے کے تین مقدمات درج کرلیے گئے ۔انسپکٹر ذوالفقارعلی کی مدعیت میں تھانہ ریس کورس میں دو مقدمات درج کیے گئے جن میں دہشتگردی، ناجائز اسلحہ، اقدام قتل سمیت سنگین دفعات شامل کی گئی ہیں۔مقدمے کے متن کے مطابق پی ٹی آئی کارکنوں کے پتھرا ئوسے ڈی ایس پی سمیت 13 پولیس اہلکار زخمی ہوئے۔ مقدمے میں 102 ملزمان کو نامزد کیا گیا اور 76 کو گرفتار کیا گیا ہے۔

ایف آئی آر کے مطابق پی ٹی آئی کے کارکنوں سے 8 رائفلیں، سیکڑوں گولیاں اور پیٹرول بم برآمد کیے گئے۔ پی ٹی آئی کی سینئر قیادت نے علاقہ غیر سے مشکوک مسلح افراد بلوا رکھے تھے۔پی ٹی آئی کارکنان کے خلاف تیسرامقدمہ بھی تھانہ ریس کورس میں درج کیا گیا۔ ایلیٹ فورس کی گاڑی کی توڑ پھوڑ کا مقدمہ 150 نامعلوم افراد کے خلاف درج کیا گیا۔ایف آئی آر کے مطابق ایلیٹ فورس کے اہلکار پٹرولنگ کے لئے جا رہے تھے ،کینال روڈ پر 150 نامعلوم افراد نے گاڑی روکی۔ 150 نامعلوم پی ٹی آئی کارکنوں نے ڈنڈوں کے ساتھ ایلیٹ کی گاڑی پر حملہ کیا،یہ حملہ پی ٹی آئی کی سینئر قیادت کی ایما پر کیا گیا۔کارکنوں نے اہلکار سے رائفل، 3 بلٹ پروف جیکٹس، پلاسٹک ہیلمٹ اور موبائل فون بھی چھینا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں