پی ٹی آئی

حکومت مہنگائی سے توجہ ہٹانے کیلئے گرفتاریاں کررہی ہیں، فرخ حبیب

فیصل آباد (گلف آن لائن)پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنماءفرخ حبیب نے دعویٰ کیا ہے کہ ملک میں مہنگائی کی شرح46.7 فیصد پر پہنچ گئی، حکومت مہنگائی سے توجہ ہٹانے کیلئے گرفتاریاں کررہی ہیں،سمجھ نہیں آتا غریب اور سفید پوش لوگوں کا کیا بنے گا۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں سب سے بڑی اشیائے خوردونوش کی مہنگائی ہے، بجلی، گیس، بجلی گیس، آٹا گھی سبزیاں، دالیں اور روزمرہ استعمال کی اشیاءغریبوں، عام آدمی اور تنخواہ دار طبقات کی پہنچ سے دور ہوچکی ہیں، ادارہ شماریات نے مہنگائی کے جو اعدادوشمار جاری کئے ہیں اس کے مطابق آج ملک میں اس ہفتے ملک میں مہنگائی کی شرح 46.7 فیصد پر پہنچ گئی ہے، ہر ہفتے مہنگائی کا نیا ریکارڈ قائم ہو رہا ہے۔فرخ حبیب نے کہا کہ سمجھ سے باہر ہے غریب اور سفید پوش لوگوں کا کیا بنے گا۔یہ حکمران تو مہنگائی کم کرنے آئے تھے۔ یہ شہبازاسپیڈ کیا شہبازاسپیڈ ہے؟ اس نے ہر چیز کو مہنگا کردیا ہے، لوگ فاقوں پر آگئے ہیں، لوگ خودکشیاں کرنے پر مجبور ہیں، مفت آٹے کے نام پر 6 جانیں جاچکی ہیں۔ لیکن حکومت کی توجہ مہنگائی کی بجائے گرفتاریوں پر ہے، پہلے اظہر مشوانی کو پکڑو، حسان نیازی کو پکڑو اور پھر جھوٹے مقدمے میں کوئٹہ بھجوا دو۔ان کی توجہ عمران خان کے گھر پر حملہ کرنا اور سو سے زائد مقدمات بنانے پر ہے۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے ساتھ مل کر انتخابات ملتوی کرا دو، پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں مہنگائی کو کم کرنے کی ایک بات نہیں کی۔ یہ عوام کا سامنا کرنے سے خوفزدہ ہے، عوام نے طے کرلیا ہے کہ ان سے جان چھڑانی ہے۔سپریم کورٹ اپنے فیصلے کی توہین کے خلاف نوٹس لے۔ مہنگائی سے توجہ ہٹانے کیلئے جنگل کا قانون رائج کیا ہوا ہے،اس کا ڈٹ کر مقابلہ کریں اور عوام کی حقیقی معنوں میں ترجمانی کریں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں