بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی

بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کی عالمی کیو ایس رینکنگ میں نمایاں کارکردگی

اسلام آباد (گلف آن لائن) جامعات کی عالمی درجہ بندی کرنے والے نامور ادارے کیو ایس نے بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد کو مضامین کی بنیاد پر جاری رینکنگ میں دنیا کی بہترین 100 جامعات کی فہرست میں شامل کر لیا ہے۔ کیو ایس کی حالیہ تازہ ترین جاری رینکنگ کے مطابق بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی نے اِلٰہیات، الوہیت اور مذہبی علوم (اسلامک سٹڈیز) میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور بہترین 100-51 جامعات کی فہرست میں شامل ہوئی۔

اسی رینکنگ میں جامعہ کے شعبہ ریاضی کو پہلی بار دنیا بھر میں 351-400 بہترین جامعات کی فہرست میں شامل کر لیا گیا ہے۔ یونیورسٹی کے صدر نے یونیورسٹی کمیونٹی کو کامیابی کا ایک اور سنگ میل عبور کرنے پر پر مبارکباد دیتے ہو کہا ہے کہ یونیورسٹی کی کے حوالے سے حالیہ مثبت نتائج یونیورسٹی انتظامیہ کی طرف سے متعارف کرائی گئی مسلسل اصلاحات اور اقدامات کا نتیجہ ہیں جس میں یونیورسٹی کے نئے سٹرٹیجک پلان کی تیاری بھی شامل ہے جس نے سائنسی بنیادوں پر یونیورسٹی کی کامیابیوں کا صحیح جائزہ لینے میں بھی مدد کی۔

یونیورسٹی کی قیادت کا کہنا ہے کہ آنے والی رینکنگ اس سے بھی زیادہ مثبت ہو گی کیونکہ یونیورسٹی کے سٹرٹیجک پلان پر عملدرآمد اور اکیڈمک آڈٹ جیسے مختلف اقدامات کے ذریعے نئی اصلاحات اور اقدامات حتمی مراحل میں داخل ہو چکے ہیں۔ یونیورسٹی نے تحقیق اور انٹرپرائز پر جامع کام بھی شروع کیا ہے جو صنعت کے ساتھ روابط، بین الاقوامی فنڈڈ منصوبوں کی منظوری، تحقیق میں تعاون اور اشتراک کے بین الاقوامی اقدامات کے ذریعے درجہ بندی کو بہتر بنانے میں بھی مددگار ثابت ہوگا۔ یونیورسٹی کی قیادت نے اس عالمی درجہ کے لیے انتھک کوششوں پر پر ڈائریکٹوریٹ آف کوالٹی ایشورنس اینڈ ڈویلپمنٹ اور ریسرچ اینڈ انٹرپرائز کے کے شعبہ جات کی محنت کو سراہا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں