ایرانی صدر

اسرائیل نے حملہ کیا تو تل ابیب اور حَیفا کو تباہ کر دینگے، ایرانی صدر

تہران(گلف آن لائن) ایرانی صدر ابراہیم رئیسی نے کہا ہے کہ اگر اسرائیل نے ایران پر حملہ کیا تو تل ابیب اور حیفا کو تباہ کر دیں گے۔غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق ایران کے صدر ابراہیم رئیسی نے تقریب سے خطاب کے دوران اسرائیل کو خبردار کیا کہ ایران کے خلاف چھوٹی سے چھوٹی کارروائی سے مسلح افواج کی جانب سے سخت ردعمل سامنے آئے گا جو حیفا اور تل ابیب کی تباہی کا سبب بنے گا۔

انہوں نے کہا کہ ایران متعدد مواقع پر اسرائیل پر اپنی جوہری تنصیبات اور سائنس دانوں کو نشانہ بنانے کا الزام عائد کرچکا ہے جبکہ اسرائیل ایران پر جوہری ہتھیار بنانے کی کوشش کا الزام لگاتا ہے جس کی تہران کئی مرتبہ تردید بھی کر چکا ہے۔ابراہیم رئیسی نے کہا کہ اسرائیل نے بارہا متنبہ کیا ہے کہ اگر ایران کے جوہری پروگرام کو روکنے کی سفارتی کوششیں ناکام ہوئیں تو وہ فوجی کارروائی کرے گا۔

ایرانی صدر نے امریکی فوجیوں سے مشرق اوسط کو چھوڑنے کا بھی مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ہماری فوج کا غیرملکی افواج بالخصوص امریکی افواج کو یہ پیغام ہے کہ وہ جلد خطے سے نکل جائیں کیونکہ غیرملکی افواج کی موجودگی سے خطے کی سلامتی نہیں رہتی۔واضح رہے کہ گزشتہ روز اسرائیلی وزیر خارجہ ایلی کوہن نے چین پر زور دیا تھا کہ وہ ایران کو جوہری ہتھیاروں کی تیاری سے روکنے کے لیے اپنا اثر و رسوخ استعمال کرے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں