سینیٹر محمد اسحاق ڈار

حکومت معاشی استحکام اور ترقی کی جانب گامزن ہے، وزیر خزانہ

اسلام آباد( گلف آن لائن) وفاقی وزیر خزانہ نے کہا ہے کہ حکومت معیشت کو استحکام اور ترقی کی جانب گامزن کررہی ہے۔وزارت خزانہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کے روز خزانہ ڈویژن میں جے پی مورگن دبئی کے عمران زیدی کی قیادت میں ملاقات کے لیے آئے ہوئے عالمی شہرت یافتہ سرمایہ کاری کمپنیوں کے نمائندوں پر مشتمل وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پروزیراعظم کے معاون خصوصی برائے خزانہ طارق باجوہ، وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے ریونیو طارق پاشا، سیکرٹری فنانس، اور فنانس ڈویژن کے سینئر افسران بھی موجود تھے۔

وفد نے ملک کی معاشی صورتحال اور آؤٹ لک پر تبادلہ خیال کیا۔ وفد نے وزیر خزانہ کے ساتھ آئی ایم ایف پروگرام، مارکیٹ کی مجموعی صورت حال اور آؤٹ لک کے ساتھ ساتھ بیرونی اکاؤنٹس کی صورتحال کے حوالے سے بھی جامع بات چیت کی۔

اسحاق ڈار نے وفد کو خوش آمدید کہا اور ملک کے اقتصادی نقطہ نظر کے بارے میں بتایا اور کہا کہ مشکل معاشی صورتحال کے باوجود حکومت ملکی معیشت کو استحکام اور ترقی کی جانب گامزن کر رہی ہے۔انہوں نے یہ بھی بتایا کہ پاکستان آہستہ آہستہ لیکن یقینی طور پر معاشی استحکام کی طرف بڑھ رہا ہے اور یہی وقت پاکستان میں سرمایہ کاری کا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ بطور وزیر خزانہ انہوں نے ماضی میں آئی ایم ایف پروگرام کو کامیابی سے مکمل کیا ہے اور موجودہ حکومت موجودہ پروگرام کو مکمل کرنے اور تمام بین الاقوامی ذمہ داریوں کو پورا کرنے کے لیے پرعزم ہے۔

جے پی مورگن کے عمران زیدی نے وزیر خزانہ کو کمپنی کے پروفائل اور دنیا کے مختلف ممالک کو فراہم کی جانے والی اس کی مالیاتی خدمات کے بارے میں آگاہ کیا۔ وفد نے حکومت کی جانب سے مالیاتی اور معاشی استحکام کو برقرار رکھنے اور بڑھانے کے لیے کیے گئے پالیسی اقدامات کو سراہا اور پائیدار اقتصادی ترقی کے حصول پر اعتماد کا اظہار کیا۔

وزیر خزانہ نے وفد کے پاکستان کی معاشی خوشحالی کے لیے مثبت ارادوں کی تعریف کی ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں