ہمایوں اختر خان

اتحادی حکومت کی ضد ، انا،آئین و قانون سے انحراف کی وجہ سے حالات اس نہج پر پہنچے ‘ ہمایوں اختر خان

لاہور( گلف آن لائن)پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما اور الیکشن کی تیاریوں کیلئے قائم الیکشن سیل کے کوارڈی نیٹر ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ اتحادی حکومت کی ضد ، اناء اور آئین و قانون سے انحراف کی وجہ سے حالات اس نہج پر پہنچے ہیں اور بد قسمتی سے سدھار کیلئے ابھی تک کوئی پیشرفت نہیں کی جارہی ،انتخابات میں شکست کے خوف کی وجہ سے آئین شکنی سے دریغ نہیں کیا گیا بلکہ ہرچیز دائو پر لگائی جارہی ہے ۔

اپنے بیان میں ہمایوں اختر خان نے کہا کہ عمران خان کی گرفتاری کیلئے جو طریقہ اختیار کیا گیا وہ قطعی مناسب نہیں تھا اور اسی وجہ سے اعلیٰ عدلیہ نے اس حوالے سے اپنا فیصلہ دیا ۔ کسی بھی ملک میں عدالتیں ہی بنیادی انسانی حقوق کی محافظ ہوتی ہیں لیکن حکمران اتحاد اس متعلق سماعت کرنے پر بھی عدلیہ کو تنقید کا نشانہ بنا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومتی اتحاد کا سپریم کورٹ کے ساتھ کھڑے ہونے کی بجائے اس کے فیصلوں کے خلاف دھرنا دینا شاید تاریخ کا پہلا واقعہ ہوگا اور ا س سے حالات میں شدید تنائو پیدا ہوگا۔

حکمران اتحاد 90کی دہائی میں سپریم کورٹ پرحملے کی یادیں تازہ کر رہا ہے ،ان کی تاریخ ہے انہیں آزا عدالتیں کبھی قبول نہیں ہوتیں۔ہمایوں اختر خان نے کہا کہ حکمران اتحاد میں موجود سنجیدہ لوگوں کو اعلیٰ عدلیہ کے فیصلوں کے مطابق ملک میں انتخابات کی طرف پیشرفت کیلئے کاوشیں کرنی چاہئیںتاکہ ملک میں پھیلی بے چینی اور تذبذب کی صورتحال کا خاتمہ ہو سکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں