نجم سیٹھی

جے شاہ نوجوان ، آئی سی سی کی سربراہی کا خواہشمند بھی ہے، انہیں مشورہ ہے اگر لیڈر بننا ہے تو بڑے پن کا مظاہرہ کرنا ہوگا، نجم سیٹھی

لاہور (گلف آن لائن)چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ جے شاہ نوجوان ہے اور وہ آئی سی سی کی سربراہی کا خواہشمند بھی ہے، انہیں مشورہ ہے کہ اگر لیڈر بننا ہے تو بڑے پن کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے نجم سیٹھی نے کہا کہ جے شاہ کو آئی سی سی کی قیادت کرنا ہے تو اے سی سی کو تقسیم ہونے سے بچائیں۔

انہوں نے کہا کہ کسی کو دھمکی نہیں دے رہے تاہم صورتحال کا منطقی حل پیش کررہے ہیں، پاکستان کرکٹ بورڈ نے ایک مثبت تجویز پیش کردی ہے۔نجم سیٹھی نے کہا کہ ہم آسانی سے کہہ سکتے تھے کہ آپ نہیں آرہے تو ہم بھی نہیں جائیں گے، ہم نے کرکٹ کے لیے ہائبرڈ ماڈل کی تجویز پیش کی ہے۔انہوںنے کہاکہ ایشین کرکٹ کونسل میں تجویز پیش کی تو لوگوں نے اس کو بہتر سمجھا، مجھے صرف ایشیا کپ کی فکر نہیں، ورلڈ کپ اور چیمپئنز ٹرافی کی بھی فکر ہے۔چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ بھارت میں ورلڈ کپ ہے،

ہماری حکومت بھی وہاں جانے سے منع کرسکتی ہے، بھارت چیمپئنز ٹرافی میں آنے سے انکار کرکے وینیو شفٹ کرنے کو کہہ سکتا ہے، یوں انکار کرنے سے معاملات نہیں چل سکتے۔نجم سیٹھی نے کہاکہ جب تک پاکستان اور بھارت ایک دوسرے کا دورہ نہیں کرسکتے، ہائبرڈ ماڈل بہتر حل ہے، ایشیا کپ، ورلڈ کپ اور چیمپئنز ٹرافی میں یہی تجویز قابل عمل ہے۔انہوںنے کہاکہ پاکستان میں کرکٹ کھیلنے سے بھارت کے علاوہ کسی اور کو مسئلہ نہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں