عبداقادر پٹیل

والدین بچوں کو ہر بار پولیو سے بچائو کے قطرے ضرور پلوائیں،وفاقی وزیر صحت کی اپیل

اسلام آباد (گلف آن لائن)وفاقی وزیر برائے صحت عبدالقادر پٹیل نے کہا ہے کہ پولیو وائرس کی ماحول میں موجودگی بچوں کی صحت کے لیے بڑا خطرہ ہے ، والدین ہر بار بچوں کو پولیو سے بچائو کے قطرے ضرور پلوائیں۔ جمعہ کو وزارت صحت سے جاری بیان کے مطابق انہوں نے کہا کہ پولیو کا کوئی علاج نہیں ہے، صرف ویکسین ہی بچوں کو عمر بھر کا تحفظ فراہم کرتی ہے۔انہوں نے کہاکہ ہنگو سمیت خیبر پختونخوا کے 22 اضلاع میں 22سے 26 مئی تک انسداد پولیو مہم جاری ہے۔

انہوں نے والدین پر زور دیا کہ وہ بچوں کو پولیو سے بچائو کے قطرے ضرور پلوائیں۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان پولیو پروگرام مسلسل وائرس کی تلاش میں ہے اور جہاں پولیو وائرس کی موجودگی پائی گئی ہو اسے وہیں روکنے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہنگو میں وائرس کی تصدیق سے ایسی آبادیوں کا سراغ لگانے میں مدد ملے گی جہاں رہائشیوں کی قوت مدافعت کم ہے اور ایسے علاقوں میں پولیو اور دیگر ویکسینز کی فراہمی کا انتظام کیا جائے گا۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان میں رواں سال اب تک صرف ایک پولیو کیس اور 7 مثبت ماحولیاتی نمونے رپورٹ ہوئے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں