صدر مملکت

صدر عارف علوی کی سوئی ناردرن کو صارف سے معافی مانگنے کی ہدایت

اسلام آباد (گلف آن لائن)صدرِ مملکت عارف علوی نے وفاقی محتسب کے فیصلے کے خلاف ایس این جی پی ایل کی اپیل مسترد کردی اور سوئی ناردرن گیس کو صارف سے معافی مانگنے اور بل درست کرنے کی ہدایت کی ہے ۔ ہفتہ کو ایوان صدر سے جاری اعلامیہ کے مطابق صدر عارف علوی نے سوئی ناردرن گیس کو صارف سے معافی مانگنے، بل درستگی کی ہدایت کی ہے ۔ رپورٹ کے مطابق شہری کی رہائش گاہ پر ایک گیزر نصب کیا گیا مگر دو گیزر وں کا غلط بل بھیج دیا گیا،کمپنی کے ٹھیکیدار نے کاغذات میں دو گیزر لکھ دیے، تصدیقی عمل میں ہیرا پھیری کیلئے اپنا رابطہ نمبر فراہم کیا ،سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ کا ٹھیکیدار فراڈ کرنے کے بعد فرار ہوگیا ۔

صدر مملکت نے کہاکہ شرمناک امر ہے کہ انتظامیہ کمپنی کے اندر بدعنوانی کو نظر انداز ، عوام کو ہراساں کر رہی ہے۔ انہوںنے کہاکہ نااہلی اور ملی بھگت کی وجہ سے معاملے کی تفتیش کی بجائے کمپنی غیر قانونی اقدام کا دفاع کر کے عوام پر مزید بوجھ ڈال رہی ہے۔ صدر مملکت نے کہاکہ معاملے کی انکوائری کی جائے، ملوث افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔

صدر مملکت نے وفاقی محتسب کے فیصلے کے خلاف ایس این جی پی ایل کی اپیل مسترد کردی ۔ تفصیلات میں بتایاگیاکہ شہری طاہر حسین (شکایت کنندہ) نے وفاقی محتسب کو شکایت درج کروائی تھی ، کمپنی کے اہلکار نے گھر میں ایک گیزر لگایا ، بتایا کہ ادائیگی قسطوں میں ہو گی۔ رپورٹ کے مطابق گیس کمپنی نے صارف کو ایک کی بجائے دو سولر گیزر کا بل جاری کردیا،صارف کو بتایا گیا کہ دستاویزات کے مطابق رہائش گاہ پر دو گیزر نصب ہیں،صارف کو بتایا گیا کہ ٹھیکیدار شفقت نے گیزر لگایا جو دھوکہ دہی کے بعد فرار ہو گیا ہے ،

پولیس نے کمپنی کا اندرونی معاملہ قرار دیتے ہوئے کیس میں کوئی مداخلت نہ کی،شہری نے محتسب سے رجوع کیا جس نے کمپنی کو بدانتظامی اور بل کی اصلاح کی ہدایت کی ۔کمپنی نے وفاقی محتسب کے فیصلے کے خلاف صدر مملکت کو اپیل دائر کی ،صدر مملکت نے وفاقی محتسب کا حکم برقرار رکھا، کمپنی کی اپیل مسترد کردی۔ صدرمملکت نے کہاکہ ٹھیکیدار سوئی گیس کے عملے کی ملی بھگت کے بغیر فراڈ نہیں کر سکتا تھا ، اگر ٹھیکیدار ملی بھگت کے بغیر فراڈ کرتا تو کمپنی کارروائی کرتی جو کہ نہیں کی گئی۔

صدر مملکت نے کہاکہ کمپنی کے نمائندے نے کیس کی تفصیلات میں گئے بغیر غیر قانونی کارروائی کا دفاع کیا ، کمپنی اپنے ہی طریقہ کار پر عمل کرنے میں ناکام رہی جو کہ بدانتظامی ہے ۔ صدر مملکت نے کہاکہ اوگرا کے قوانین کی خلاف ورزی میں شکایت کنندہ کو زائد بل دیا گیا، کمپنی شکایت کنندہ کو معافی نامہ جمع کرائے ، معاملے کی اصلاح کرے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں