مفتاح اسماعیل

عید کے روز پاکستان کے لیے بہت اچھی خبر ہے، مفتاح اسماعیل کا آئی ایم ایف معاہدے پر ر دعمل

اسلام آباد (گلف آن لائن)سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے پاکستان اور عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے درمیان ہونے والے اسٹینڈ بائی معاہدے پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ یہ عید کے روز پاکستان کے لیے بہت اچھی خبر ہے۔تفصیلات کے مطابق پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان آج اسٹاف لیول معاہدے پر دستخط ہو گئے ہیں جس کے تحت آئی ایم ایف پاکستان کو ایک سال کے دوران 3 ارب ڈالر کا قرض فراہم کرے گا، پاکستان کو قرض کی منظور آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ کے جولائی میں ہونے والے اجلاس میں دی جائے گی۔

پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان ہونے والے معاہدے پر سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں لکھا کہ یہ عید کے روز پاکستان کے لیے بہت اچھی خبر ہے، آئی ایم ایف سے معاہدے پر میں وزیراعظم شہباز شریف کو مبارکباد پیش کرتا ہوں کہ ان کی ذاتی دلچسپی اور آئی ایم ایف کی ایم ڈی سے کئی ملاقاتوں کے بعد یہ معاہدہ ممکن ہوا۔مفتاح اسماعیل نے کہاکہ جیسا کہ میں پہلے بھی کہہ چکا ہوں کہ آئی ایم ایف سے معاہدہ ہی ڈیفالٹ سے بچنے کی بہترین انشورنس ہے، انشا اللہ اب ڈیفالٹ کا خطرہ کم ہو گا اور ڈالر کا دبائو بھی آہستہ آہستہ کم ہو گا اور کاروباری ماحول میں ایک نئی امید اور پھرتی نظر آئے گی۔

انہوں نے کہا کہ اس معاہدے کے لیے ہم نے تقریبا 9 ماہ کھو دیے لیکن اب پاکستان مضبوطی سے ٹھیک سمت کی جانب بڑھے گا، وفاقی وزرا اور سیکرٹریز نے بھی معاہدے کے لیے بہت محنت کی۔سابق وزیر خزانہ نے کہاکہ ہمیں یہ ضرور سوچنا چاہیے کہ یہ معاہدہ ہمارے لیے ایک اور موقع ہے کہ ہم اپنی معاشی پالیسی میں بنیادی ریفارمز کریں، جب تک ہم معاشی ریفارمز نہیں کریں گے تو پاکستان قرض دینے والوں کے رحم و کرم پر رہے گا اور عوام حکومتی اور اسٹرکچرل گورننس کی ناکامی کی قیمت ادا کرتے رہیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں