اسد محمود

پاک ۔ روس روڈ ٹرانسپورٹ معاہدہ تجارت اور ملکی معیشت کے فروغ کے لیے عمل انگیز ثابت ہوگا، وفاقی وزیر مواصلات

اسلام آباد (گلف آن لائن)وفاقی وزیر مواصلات اسد محمود نے کہا ہے کہ موجودہ جغرافیائی و اقتصادی منظر نامے کے تحت پاکستان اور روس کے درمیان روڈ ٹرانسپورٹ معاہدہ ملکی معیشت کو فروغ دینے اور تجارت کی وسیع تر آمد کی راہ ہموار کرنے کے لیے ایک عمل انگیز ثابت ہوگا۔

یہ بات انہوں نے روس کے ساتھ روڈ ٹرانسپورٹ معاہدے کے تحت طورخم بارڈر کے ذریعے پاکستان میں پہلی بار روسی ٹرک کے داخلے کے موقع پر ایک بیان میں کہی۔ یہاں جاری ایک پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ وفاقی وزیر مواصلات مولانا اسد محمود نے نومبر2022 میں ماسکو کے اپنے پہلے دورے کے موقع پر روس کے وزیر ٹرانسپورٹ ویتالی سیولیوف کے ساتھ روڈ ٹرانسپورٹیشن کا معاہدہ کیا تھا۔ ہمسایہ ممالک کے ساتھ تجارت کو فروغ دینے کے لیے وزیر اعظم شہباز شریف کے ویژن کے مطابق معاہدے پر دستخط کیے گئے۔ 1948 میں روس کے ساتھ سفارتی تعلقات کے آغاز کے بعد یہ پہلا موقع ہے کہ سڑکوں کے ذریعے تجارتی راہداری قائم کی گئی ہے۔

روس دنیا کا چوتھا سب سے بڑا ایل این جی برآمد کرنے والا ملک ہے اور پاکستان کے پاس پھلوں، ملبوسات، آلات جراحی اور زرعی مصنوعات برآمد کرنے کی بڑی صلاحیت ہے جس سے دونوں ممالک کے درمیان ممکنہ مضبوط تجارتی شراکت دارقائم ہو گی۔ سامان کی نقل و حمل ٹی آئی آر کارنیٹ کے تحت کی جائے گی جس کے تحت سرحدوں پر کسٹم طریقہ کار کو آسان بنانے کے لیے روڈ ٹرانسپورٹ پرمٹ جاری کئے جاتے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں