شہباز شریف

پاکستان نے ترقی کرنی ہے تو ملک بھر میں سپیشل اکنامک زونز کا جال پھیلا نا ہوگا’ شہباز شریف

لاہور(گلف آن لائن)وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ اگر پاکستان نے ترقی کرنی ہے تو ملک بھر میں سپیشل اکنامک زونز کا جال پھیلا نا ہوگا ،چین سے ہمارے تعلقات دوبارہ گرمجوشی سے استوار ہو چکے ہیں ، چینی حکومت سے کہا ہے کہ سپیشل اکنامک زونز کی تعمیر میں ہمارا ہاتھ تھامے ،اگر اللہ نے ہمیں موقع دیا تو پاکستانی سرمایہ کاروں کوسروں کا تاج بنائیں گے کیونکہ آپ کی وجہ سے لاکھوں لوگوں کو روزگار ملتا ہے ،ہم پرائیویٹ سیکٹر کے زونز کو بھی سپورٹ کریں گے ،حکومت کے زونز کے لئے بھی ذہن میں نقشہ ہے ،

انڈسٹریل زونز کے لئے پالیسی کے مطابق سرکاری زمین کے اوپر صرف ایک ڈالر چارج کریں گے تاکہ یہاں پر رئیل اسٹیٹ کا کاروبار نہ چل پڑے ، جہاں صنعت ہے وہاںاس کی ڈویلپمنٹ ہونی چاہیے،آپ رئیل اسٹیٹ بزنس کریں لیکن ایسا نہیں ہو سکتا کہ انڈسٹریل زونز میں سٹہ بازی شروع کر دیں ، بولیاں شروع کر دیں جہاں عمارتیں کھڑی ہونی ہیں وہاں کھڑی کریں لیکن انڈسٹریل زونز میں اس کی اجازت نہیں دی جائے گی ،

تیل کی بنیاد پر بجلی کی پیدا وار ہماری معیشت کو تباہ کر دے گی ، ہم مہنگے تیل کا بوجھ برداشت نہیں کر سکتے ، شمسی توانائی ،ونڈ اور پن بجلی ایسے تین ذرائع ہیں جس سے پاکستان کی صنعت کی پیداوار کو مسابقتی بنایا جا سکتا ہے، پرائیویٹ سیکٹر کو چاہیے کہ برادر ملک قطر کے ساتھ معاہدے کریں ،آپ قطر سے سستی گیس لے کر آئیں ہم آپ کو کراچی پورٹ کے اوپر ہر طرح کی سہولیات دیں گے لیکن آپ اس کواوپن مارکیٹ میں نہیں بیچیں گے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہائوس میں لاہور اور شیخوپورہ میںتین صنعتی زونز اومپر سپیشل اکنامک زون،سندر گرین زون اورسمارٹ سپیشل اکنامک زون کا سنگ بنیا درکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پرائیویٹ سیکٹر نے اپنی ذہانت محنت اور کاوشوں سے انڈسٹریل زونز قائم کرنے کا ایک پروگرام بنایا جس کی آج ہم سب نے مل کر سوفٹ اوپننگ کی ہے ۔

حکومت پنجاب ،وزیر اعلیٰ پنجاب ،پنجاب بورڈ آف انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ ، بورڈ آف انویسٹمنٹ پاکستان ، سیکرٹری انڈسٹریز ،چیف سیکرٹریز کو مبارکباد پیش کرتا ہوں اور شکریہ ادا کرتا ہوں کہ انہوں نے تندہی سے عظیم منصوبوں کی تیاری اور پرائیویٹ سیکٹر نے اربوں روپے کی سرمایہ کاری کی کمٹمنٹ کی ہے ۔یہ پرائیویٹ سیکٹر کی عوام اورپاکستان کی معاشی ترقی کے لئے بہت بڑی کنٹری بیوشن ہے ۔ اس وقت ہمیں جتنی سرمایہ کاری کی ضرورت ہے وہ پہلے کبھی نہیں تھی ۔

ایکسپورٹ کو فروغ دینے کے لئے جتنی کوشش کرنی چاہیے آج ہم اس سے دوگنی کوشش کریں ۔ آپ ماڈرن ،سمارٹ ٹیکنالوجی لے کر آرہے ہیں ،ووکیشنل ٹریننگ کا انتظام کررہے ہیں یہ سب خوش آئند اقدامات ہیں،اس حوالے سے آپ کو وفاقی حکومت سے جس بھی طرح کی سپورٹ درکار ہو گی وہ مہیا کی جائے گی اور اسی طرح پنجاب حکومت کی سپورت لینا چاہیں گے وہ بھی فراہم کریں گے۔ یہ عظیم ترقی اور خوشحالی کے منصوبے ہیں جہاں پر ہزاروں لوگوں کوروزگار ملے گا ، پیداوار ہو گی ،

مصنوعات ایکسپورٹ ہوں گی اور ریو نیوملے گا جس سے پاکستان کی معیشت کو بہت فائدہ پہنچے گا ۔وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ ایک زون میں تین میگا واٹ کا سولر کا منصوبہ بھی لگایا جارہا ہے جوخوس آئند بات ہے ، اگر ہم نے اپنی ایکسپورت کو دنیا کی مارکیٹس میں کامیاب کرانا ہے ، مصنوعات کی پیداواری لاگت کو کم کرکے مقابلے کی دوڑ میں شامل ہونا ہے تو اس کے لئے جدید ٹیکنالوجی کی فی الفور خریداری کرنا ہو گی، بجلی کی قیمت یقینا پاکستان کے لئے بہت بڑا چیلنج ہے ۔

اس وقت 2000ہزار یا اس سے زائد کا سرکلر ڈیٹ ہے اس کی وجوہات سے آپ سب لوگ اچھی طرح آگاہ ہیں ،اس میں لائن لاسز ، ان ایفی شنسی ،ٹرانسمیشن لاسز شامل ہیں اس میں بہت بڑا حصہ چوری کا بھی ہے ، ان سب کو ملایا جائے تو کئی سو ارب روپے ضائع ہو رہے ہیں جو ہماری معیشت پر بوجھ ہیں.

اپنا تبصرہ بھیجیں