راجہ پرویز اشرف

اچھی طرز حکمرانی کے لیے شفافیت، احتساب، عوام کو جوابدہی اور دیانتداری ضروری ہے، راجہ پرویز اشرف

اسلام آباد (گلف آن لائن)سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ اچھی طرز حکمرانی ملک کی تعمیر و ترقی میں اہم کردار ادا کرتی ہے اور خوشحال اور فلاحی معاشرے کی تشکیل میں اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتی ہے، اچھی طرز حکمرانی کے لیے شفافیت، احتساب، عوام کو جوابدہی اور دیانتداری ضروری ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کے روز اسلام آباد میں پاکستان گورننس فورم 2023 کے افتتاحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ اچھی اور مؤثر طرز حکمرانی کے ذریعے ملک کو ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کیا جا سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ موثر حکمرانی کو یقینی بنانے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔انہوں نے اچھی طرز حکمرانی کے لیے شفافیت، شمولیت، اور عوام کو جوابدہی کے اصولوں پر عمل کرنے کی ضرورت پر زور دیاـ انہوں نے فلاحی معاشرے کی تشکیل کے جس میں ہر شہری کو مساوی حقوق اور ترقی و خوشحالی کے مساوی مواقع میسر ہوں کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

انہوں نے سپریم قانون ساز ادارے کے طور پر قومی اسمبلی کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ پارلیمان قوانین اور پالیسیاں وضع کر کہ شہریوں کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بناتی ہیں۔انہوں کہا کہ پارلیمان حکومت کو وقفہ سوالات اور قائمہ کمیٹیوں کے ذریعے حکومتی احتساب کرتی عوام کو حکومت جوابدہ بناتی ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پارلیمان عوام کی آواز کو اجاگر کرنے اور ان کے حقوق کے تحفظ کیلئے اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔

انہوں نے کہا کہ جمہوری نظام کا تسلسل و استحکام ملک کی معاشی و سماجی ترقی اور ہم آہنگی کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ اچھی طرز حکمرانی اقتصادی ترقی کے لیے سازگار ماحول فراہم کرنے میں کلیدی اہمیت کی حامل ہے۔

پاکستان گورننس فورم 2023 کے افتتاحی اجلاس سے وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال نے بھی خطاب کیا اور گڈ گورننس کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ انہوں گورننس فورم 2023 کے شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔

گورننس فورم میں اراکین پارلیمنٹ، ماہرین تعلیم، دانشور، سکالرز، مختلف شعبوں ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد، سول سوسائٹی اور میدیا کے نمائندوں نے شرکت کی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں