نوازشریف

کارکن پارٹی کا قیمتی اثاثہ ہیں، انتخابات میں مخلص اور پارٹی کے لئے قربانیاں دینے والے کارکنوں کو نظر انداز نہیں کیا جائیگا،

جدہ (گلف آن لائن)مسلم لیگ (ن) کے قائد سابق وزیراعظم محمد نوازشریف نے کہا ہے کہ کارکن پارٹی کا قیمتی اثاثہ ہیں، آنے والے انتخابات میں مخلص اور پارٹی کے لئے قربانیاں دینے والے کارکنوں کو نظر انداز نہیں کیا جائیگا۔ وہ سعودی عرب سے دوبئی روانگی سے قبل سرگودھا کے (ن) لیگی رہنما چوہدری ذوالفقار احمد کی سربراہی میں وفد سے ملاقات میں بات چیت کر رہے تھے۔

وفد کے ارکان نے سابق وزیراعظم کو بتایا کہ پاکستان میں ان کی واپسی کا شدت سے انتظار ہو رہاہے اور جب وہ پاکستان آئیں گے تو عوام ان کا فقید المثال استقبال کر یں گے۔ نوازشریف نے کہاکہ انہیں معلوم ہے کہ پاکستانی عوام ان سے کس قدر محبت کرتے ہیں وہ بھی ہر وقت پاکستان اور قوم کو یاد کرتے ہیں۔

انہوںنے کہاکہ پاکستان کی ترقی اور عوام کو مسائل کی دلدل سے نکالنا ہی اب ان کی ترجیح ہے۔

نوازشریف نے وفد کے ارکان کو بتایا کہ وہ واپس جاکر عوام کو حوصلہ دیں کہ ان کی مشکلات بہت جلد ختم ہونیوالی ہیں۔انہوںنے کہاکہ (ن) لیگ انتخابات میں کامیابی حاصل کر کے ایک بار پھر حکومت بنائے گی اور اب ہم سب مل کر ملک کی تقدیر بدلیں گے اور ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا جائے گا۔ مسلم لیگ (ن) کے رہنما چوہدری ذوالفقار احمد نے نواز شریف کو پھول پیش کئے۔

وفد کے ارکان نے نوازشریف سے کہا کہ ہمیں آپ کی صحت کی بہت فکر ہے اور ہماری دعا ہے کہ اللہ آپ کو مکمل صحت دے اور آپ جلد صحت یاب ہو کر وطن واپس آئیں۔ نوازشریف نے ملاقات کیلئے آئے وفد کے ارکان کا شکریہ ادا کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں