تعلیمی بورڈ

پنجاب میں میٹرک امتحانات کے نتائج کا اعلان، لڑکیاں پھر بازی لے گئیں

لاہور (گلف آن لائن) لاہور سمیت پنجاب کے دیگر تعلیمی بورڈ نے میٹرک کے سالانہ امتحانات 2023ء کے نتائج کا اعلان کر دیا، لڑکیوں نے ایک بار پھر میدان مار لیا۔لاہور بورڈ کے زیر اہتمام منعقد ہونے والے میٹرک کے سالانہ امتحانات میں 2لاکھ 30ہزار 915طلبا نے حصہ لیا، سالانہ امتحانات میں ایک لاکھ 72ہزار 204طلبا پاس ہوئے جبکہ 57ہزار کے قریب امیدوار دسویں جماعت کے امتحانات میں فیل قرار پائے۔لاہور بورڈ میں 1100میں سے سب سے زیادہ 1091 نمبر پرائیویٹ امیدوار طوبی اعظم نے حاصل کیے، 1090نمبروں کیساتھ پرائیوٹ امیدوار محمد عبداللہ دوسرے نمبر پر رہے، حادیہ نور 1089نمبروں کیساتھ تیسرے نمبر پر رہیں، لاہور بورڈ میں پہلی تینوں پوزیشنز پرائیویٹ امیدواروں نے حاصل کیں۔

سپیشل سیکرٹری ہائرایجوکیشن آغا علی عباس نے بتایا کہ لاہور بورڈ میں کامیابی کا تناسب 74 فیصد سے زائد رہا، میٹرک کے امتحانات بہتر ماحول میں منعقد ہوئے، مجموعی طور پر 28 جعلی کیسز سامنے آئے۔فیصل آباد میں طلبا کی کامیابی کا تناسب 81.76، ڈی جی خاں میں 86.37، بہاولپور میں 82.70اور گوجرانوالہ میں 80.82فیصد رہا، اسی طرح ملتان میں85فیصد، راولپنڈی 77.20، ساہیوال 78.76اور سرگودھا میں 82.82 فیصد طلبا نے کامیابی سمیٹی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں