جوانوں میں غربت کو کم کرنے اور انہیں معاشی طور پر مضبوط کرنے کے اقدامات کرنے ہونگے،وزیراعلیٰ سندھ

کراچی (گلف آن لائن)وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ موجودہ معاشی صورتحال میں ہمیں نوجوانوں میں غربت کو کم کرنے اور انہیں معاشی طور پر مضبوط کرنے کے اقدامات کرنے ہونگے، سیاسی کارکن کی حیثیت سے شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے وژن کو آگے بڑھانا ذمہ داری سمجھتا ہوں،ہم متحد ہوکر سندھ میں بے روزگاری کو کم کرنے اور غربت کا خاتمہ کرسکتے ہیں،ہم تین ماہ کی چھٹیوں پر جارہے ہیں اور انشا اللہ 3 ماہ بعد دوبارہ آکر اپنا کام زور و شور سے شروع کریں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز اعظم بستی میں زیب ٹیک کے اشتراک سے قائم ہونے والی گورنمنٹ پولی ٹیکنک انسٹیٹیوٹ اعظم بستی کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب سے وزیر صحت سندھ و چیئرپرسن زیبسٹ ڈاکٹر عذرا پیچوہو، وزیر محنت و افرادی قوت سندھ سعید غنی نے بھی خطاب کیا۔

تقریب میں قاسم سومرو، میڈم وحیدہ مہشر، ڈائریکٹر زیب ٹیک، ڈاکٹر سلیمان شیخ ایڈوائیزر چانسلر و چیئرمین زیبسٹ، صدر زیبسٹ شہناز وزیر علی، زیبسٹ کی بورڈ آف ٹرسٹ کے ارکان، ٹان چیئرمین چنیسر ٹان فرحان غنی، یوسی چیئرمینزاعظم بستی، اختر کالونی،پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کے ڈپٹی انفارمیشن سیکرٹری و کنونئیر ایسٹ محمد آصف خان، شہزاد ناتھا و دیگر بھی موجود تھے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ ہم نے سندھ کابینہ کے فیصلے کے بعد اس ادارے کو اسٹیوٹا سے زیبسٹ -زیب ٹیک کے حوالے کیا اور آج ادارے کے کلاس رومز اور ووکیشنل لیبارٹریوں کی جدید ترین سہولیات دیکھ کر خوشی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس ادارے میں خواتین کیلئے مخصوص مہارت کی تربیت کے وسیع انتخاب کو دیکھ کربھی میں بہت متاثر ہوا ہوں اور اس سے بے روزگار خواتین معاشی پیداوار کیلئے ایک ناقابل استعمال وسیلہ بنیں گی۔سید مراد رعلی شاہ نے کہا کہ زیبسٹ –

زیب ٹیک کی توسیع اور آٹ ریچ سال 2000 میں اپنے آغاز سے ہی متاثر کن رہی ہے، یہ صوبے کے نجی شعبے میں TVET فراہم کرنے والا سب سے بڑا ادارہ ہے، حال ہی میں زیبسٹ -زیب ٹیک نے سندھ سے باہر صوبہ بلوچستان میں توسیع کی ہے، انہوں نے کہا کہ زیبسٹ -زیب ٹیک نے حکومت بلوچستان کے ساتھ پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت حب میں سینٹر آف ایکسیلنس کو بھی اپنایا ہے، سندھ کے نجی شعبے کے اداروں کے معیار، زیبسٹ -زیب ٹیک فیکلٹی اور اسٹاف کی تربیت معیار کا ثبوت ہے، وزیراعلی سندھ نے مزید کہا کہ زیب ٹیک کا سلوگن ”ہنر مند سندھ، خوش حال سندھ” قابل تعریف ہے اور زیب ٹیک سے مردوں اور عورتوں کے لیے یکساں مواقع پیدا ہو رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ صوبے میں روزگار پیدا کرنے کیلئے عملی پروگرامز کو ڈیزائن کیلئے اجتماعی کام کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ معاشی صورتحال میں ہمیں نوجوانوں میں غربت کو کم کرنے اور انہیں معاشی طور پر مضبوط کرنے کے اقدامات کرنے ہونگے۔ وزیر اعلی سندھ نے کہا کہ شہید محترمہ بے نظیر بھٹو نے اپنے دور میں ہمیشہ پیشہ ورانہ تربیت کی اہمیت پر زور دیا اور میں سیاسی کارکن کی حیثیت سے شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے وژن کو آگے بڑھانا ذمہ داری سمجھتا ہوں، وزیراعلی سندھ نے کہا کہ اس پولی ٹیکنک انسٹی ٹیوٹ میں زیبسٹ

-زیب ٹیک پہلے مرحلے میں 1000نوجوانوں کو تربیت دے گا، وزیراعلی سندھ نے کہا کہ ہم متحد ہوکر سندھ میں بے روزگاری کو کم کرنے اور غربت کا خاتمہ کرسکتے ہیں۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر محنت و افرادی قوت سندھ شعید غنی نے کہا کہ میں زیبسٹ گیا وہاں ایسے بات ہوئی تھی اور یہ یولی ٹیکنک انسٹی ٹیوٹ زیبسٹ کے تعاون سے ایک اچھا پروجیکٹ میں تبدیل ہوگیا ہے۔

سعید غنی نے کہا کہ اس وقت جو ملک کی صورتحال ہے اس میں نوکری ہر شخص کو نہیں مل سکتی۔اس انسٹیٹیوٹ سے یہاں کے لوگوں کو ہنر سکھنے کا موقع ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ اعظم بستی ایک پسماندہ علاقہ ہے اور یہ میرا حلقہ انتخاب بھی ہے اور آج زیب ٹیک کا کراچی میں یہ پہلا ٹیکنکل ادارہ ہے، جو اس علاقہ کے عوام کو پاکستان پیپلز پارٹی کا تحفہ ہے کیونکہ یہ انسٹی ٹیوٹ یہاں کی آبادی کی ضرورت تھی۔

سعید غنی نے کہا کہ اس ادرے میں تین شفٹ میں کام ہو گا اور پندرہ سو طلبہ و طالبات کی یہاں گنجائش ہو گی، اس ٹیکنیکل انسٹیٹیوٹ کو ہم نے سنجیدگی سے لیتے ہوئے زیب ٹیک کو سپرد کیا اور وزیراعلی سندھ کی مہربانی سے اس انسٹیٹیوٹ کے لیے فنڈز میسر ہوسکے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے اس پروجیکٹ کو بہت کم وقت میں مکمل کرنے کی کوشش کی کیونکہ ہم سمجھتے ہیں کہ آج ملک میں معاشی بحران ہے اور ہماری کوشش ہے اپنے بچوں کو ایسی تربیت اور تعلیم دے کے وہ اپنے لیے روزگار تلاش کر سکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں