چوہدری محمد سرور

قرآن مجید کی بے حرمتی ، نبی کریم ۖ کی شان میں گستاخی کو برداشت نہیں کیا جا سکتا’ چوہدری سرور

لاہور(گلف آن لائن)پاکستان مسلم لیگ کے چیف آرگنائزر چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ آزادی اظہار رائے کی آڑ میں قرآن مجید کی بے حرمتی اور نبی کریم حضرت محمد ۖ کی شان میں گستاخی کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جا سکتا، دانستہ طور پر اٹھائے جانے والے اس طرح کے اقدامات عالمی امن کیلئے خطرہ ہیں جس کا سختی سے نوٹس لیا جانا چاہیے ،ایسے معاملات کی روک تھام کیلئے موثر پلیٹ فارم پررجوع کیا جائے گا جس کیلئے نامور قانونی ماہرین کی مشاورت سے پیشرفت شروع کر دی گئی ہے ،پاکستان مسلم لیگ چوہدری شجاعت حسین کی قیادت میں آئندہ عام انتخابات میں بھرپور حصہ لے گی اور نوجوانوں کو آگے لایا جائے گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوںنے مسلم لیگ لاہور کے جنرل سیکرٹری محمد ندیم پہلوان کے ہمراہ گلاسکو میں پارٹی رہنمائوں، مختلف شعبوں میں فرائض سر انجام دینے والے پاکستانی کمیونٹی کے افراد اور قانونی ماہرین سے ملاقات کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ چوہدری محمد سرور کو بتایا گیا کہ 26اگست کو گلاسکو میں قرآن مجید اور دیگر الہامی کتابوں کے احترام کیلئے ریلی نکالی جائے گی ۔

چیف آرگنائزر پاکستان مسلم لیگ چوہدری محمد سرور نے کہا کہ اسلام امن ، محبت اور رواداری کا درس دیتا ہے لیکن بد قسمتی سے کچھ ناعاقبت اندیش آزادی اظہار رائے کی آڑ میں دنیا بھر میں بسنے والے اربوں مسلمانوں کے جذبات کو اشتعال دلاتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ سیاسی میدان میں ایک حقیقت ہے ،چوہدری شجاعت حسین نے ملک میں ہمیشہ رواداری کی سیاست کو فروغ دیا ہے ۔

محمد ندیم پہلوان نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں سے اپیل ہے کہ ملک کے موجودہ حالات میں اپنا کلیدی کردار اد ا کریں زیادہ سے زیادہ ترسیلات بھجوائیں ،سرمایہ کاری پر توجہ دی جائے تاکہ پاکستان کی معیشت کو سہارا مل سکے ۔ انہوںنے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کی جانب سے بہت سی قابل عمل تجاویز دی گئی ہیں جنہیں آگے بڑھانے کیلئے حکمت عملی مرتب کی جائے گی ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں