baramdat

جولائی میں برآمدات میں 12فیصد کمی تشویشناک ،نگران حکومت برآمدات میں اضافہ کیلئے اقدات کرے، فاﺅنڈر گروپ

لاہور(گلف آن لائن)فاﺅنڈر گروپ کے سرگرم رکن پاکستان سٹون ڈویلپمنٹ کمپنی کے بور ڈ آف ڈائریکٹرز کے رکن خادم حسین سینئر نائب صدر فیروز پور بورڈ ایگزیکٹو ممبرلاہور چیمبرز آف کامرس نے رواں مالی سال کے پہلے ماہ جولائی میںملکی برآمدات میں 12فیصد کمی پر تشویش کا اظہا ر کرتے ہوئے کہا ہے کہ جون کے مقابلے میں جولائی کے برآمدات29کروڑ ڈالر کم رہیں۔

انہوںنے کہا کہ حکومتی رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال 2023-24کے پہلے ماہ میںبرآمدات میں 12.23فیصد کمی ریکارڈ کی گئی،جولائی میں برآمدات کا حجم2ارب6کروڑ ڈالر رہا جبکہ جون میں2ارب35کروڑ ڈالررہا۔

انہوںنے کہا کہ نگران حکومت کو معاشی استحکام کی راہوں پر گامزن ہوتے ہوئے برآمدات بڑھانے پر توجہ مرکوز کرنا ہوگی ملکی برآمدات میں اضافہ سے ملکی صنعتی شعبہ ترقی کرے گا اور ملکی برآمدات میں اضافہ سے ملکی زرمبادلہ کے ذخائر میں خاطر خواہ اضافہ ہوگا جس سے حکومت معاشی بحران سے باہر نکل آئے گی اورغیر ملکی قرضوں کی واپسی کی راہ بھی ہموار ہوگی اور ملک خوشحالی و ترقی کی راہوں پر گامزن ہوگا۔

ان خیالات کااظہار انہوںنے فیروز پور بورڈ کے تاجروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔فاﺅنڈر گروپ کے رہنما میاں محمد اشرف نے کہا کہ حکومت کی طرف سے برآمدات 30ارب ڈالر ،ترقی کی شرح کا ہدف3.5فیصد کے حصول کیلئے نگران حکومت صنعتی شعبہ کو مراعات دے۔

اور صنعتی شعبہ کی پیداواری لاگت میں کمی اور برآمدات میں اضافہ کیلئے عملی اقدامات اٹھائے اور صنعتی شعبہ کیلئے بجلی، گیس، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی لائی جائے تاکہ ملکی برآمدات اور حکومتی زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ سے ملک معاشی استحکام کی راہوں پر گامزن ہوسکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں