اسلام آباد(گلف آن لائن )نگران وزیراعظم آج چیئر لفٹ آپریشن کے رضا کاروں سے ملاقات کریں گے۔ تفصیلات کے مطابق نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے بٹگرام چیئر لفٹ آپریشن کے رضا کاروں کو آج مدعو کر لیا ہے،آپریشن میں حصہ لینے والے رضا کار آج نگران وزیراعظم سے ملاقات کریں گے۔
انوار الحق کاکڑ 8 لوگوں کی زندگیاں بچانے والے افراد کی حوصلہ افزائی کریں گے۔دوسری جانب بٹگرام چئیر لفٹ حادثے کے بعد خیبر پختونخوا کے متعدد اضلاع میں درجنوں مقامی چیئر لفٹس بند کر دی گئیں جس سے مقامی لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ سوات، شانگلہ، بونیر، دیر لوئر،دیر اپر، چترال، ہری پور،ایبٹ آباد اور مانسہرہ میں مقامی چئیر لفٹس چلائی جا رہی تھیں۔
بٹگرام، کوہستان اپر، لوئر، کو آلائی میں دیگر علاقوں تک رسائی کے لئے سینکڑوں ڈولیاں کیبل تار یا رسیوں سے آپریٹ ہوتی ہیں۔مقامی افراد نے کہا کہ چئیر لفٹس بندش سے مقامی افراد کو خوراک کی کمی سمیت دیگر مسائل کا سامنا ہو گا، پہاڑی علاقوں میں دیہات، اسکولوں اور بازاروں تک رسائی کے لئے مقامی ڈولیاں استعمال ہوتی ہیں۔ ل
فٹس بندش سے بیشتر بچے اسکول جانے سے بھی قاصر ہیں۔ مقامی لوگوں کی جانب سے متبادل سہولت کا مطالبہ کیا گیا۔ خیال رہے کہ صوبائی حکومت نے خیبرپختونخوا کے تمام اضلاع میں ڈپٹی کمشنرز کو مقامی چئیر لفٹس اور ڈولیوں کے معائنے کی ہدایت کی تھی۔جبکہ بٹگرام میں چیئرلفٹ میں اساتذہ اور طلبہ کے پھنسنے کے واقعہ پر چیئر لفٹ کے مالک اور آپریٹر اعجاز کو گرفتار کیا جا چکا ہے،
تھانہ الائی کی پولیس نے مالک گل زرین اور اعجاز کو گرفتار کیا اور دونوں کے خلاف غفلت برتنے کا مقدمہ درج کیا۔پولیس حکام نے کہا کہ چیئر لفٹ کے مالک کو حراست میں لینے کے بعد مزید تحقیقات کی جا رہی ہیں۔



