چینی

علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی سے برآمدات کا آغاز ، چینی کمپنی گرین کراکری نے برطانیہ کو برآمد گی آرڈر سے آغاز کیا

لاہور( گلف آن لائن)پاکستان کے سب سے زیادہ صنعتی صوبے پنجاب میں علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی (سپیشل اکنامک زون )سے برآمدات کا آغاز ہو گیا ،

چینی کمپنی گرین کراکری نے برطانیہ کو ایک کروڑ روپے مالیت کی کراکری برآمد کرکے اس کا آغاز کیا ہے ۔گرین کراکری کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ژانگ چی نے کہا کہ روایتی چینی تکنیکوں کے ساتھ مل کر اعلی درجے کی بین الاقوامی ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے اے آئی آئی سی میں 2022 میں قائم ہونے والے صنعتی یونٹ میں مختلف قسم کی کراکری کی مصنوعات تیار کی جا رہی ہیں، یہاں نو ماہ قبل پیداوار کا عمل شروع کیا گیا تھا اور اب پہلی کھیپ برآمد کی گئی ہے ۔

گرین کراکری ایکسپورٹ کے منیجر شوکت اباس میکن نے کہا کہ برطانیہ کو کراکری برآمد کرنے کے سلسلے میں ستمبر کے پہلے مہینے میں مزید دو برآمدات کا آغاز ہونے والا ہے۔ہمیں ایک اور بڑی کمپنی سے ایک اور آرڈر ملا ہے اور مصنوعات کے نمونوں کی منظوری کے بعدیہ ایک میگا ایکسپورٹ آرڈر ہوسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ 10 ایکڑ رقبے پر پھیلی گرین کراکری 1500 سے زائد افرادی قوت کو روزگار کے مواقع بھی فراہم کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چینی پیشہ ور اور تکنیکی ماہرین پاکستانی کارکنوں کے ساتھ کراکری بنانے کا کام کر رہے ہیں۔ چینی ماہرین پاکستان ہنر مندوں کو بھی تربیت دے رہے ہیں اور انہیں ٹیکنالوجی سے بھی روشناس کرایا جارہا ہے ۔

انہوں نے مزید کہا کہ کمپنی میں خواتین ملازمین کا تناسب 20 فیصد ہے جو آہستہ آہستہ بڑھ رہا ہے۔ پاکستانی تاجر چین سے درآمد کرنے کے بجائے علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی میں گرین کراکری جیسی چینی کمپنیوں میں اپنے آرڈر دے سکتے ہیں۔ گرین کراکری کے ایک اور عہدیدار نے کہا کہ علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی کو سرمایہ کاری کے لئے کسٹم ڈیوٹی اور 10 سالہ ٹیکس چھوٹ جیسی مراعات حاصل ہیں جو غیر ملکی اور مقامی سرمایہ کاروں دونوں کے لئے بہت منافع بخش ہیں۔

اسپیشل اکنامک زونز ایکٹ 2012 کے تحت پنجاب میں10 خصوصی اقتصادی زونز قائم کیے گئے ہیں جو کاروبار دوست ادارہ جاتی، قانونی اور انفراسٹرکچر ایکو سسٹم کی فراہمی کے ذریعے براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ سپیشل اکنامک زونز کے قیام سے کاروبار میں آسانی پیدا ہوتی ہے، معاشی ترقی اور غربت کے خاتمے کے اہداف کو آگے بڑھایا جاتا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں