اسلام آباد (گلف آن لائن)نگران وفاقی وزیر داخلہ سرفراز احمد بگٹی نے روات میں ڈاکووؤں کے ساتھ مقابلے میں پولیس کانسٹیبل عدیل ظفر کی شہادت پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہاہے کہ زخمی کانسٹیبلز کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں ،جرائم پیشہ عناصر کی بیخ کنی میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے۔
اپنے بیان میں سرفراز بگٹی نے کہاکہ فرض کی راہ میں جام شہادت نوش کرنے پر کانسٹیبل عدیل ظفر کو خراج عقید ت پیش کرتے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ زخمی ہونے والے کانسٹیبل عاشر اور عادل کی جلد صحت یابی کیلئے دعا گو ہیں۔
سرفراز بگٹی نے کہاکہ زخمی کانسٹیبلز کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں ۔ وزیر داخلہ نے کہاکہ پولیس اہلکاروں نے کمال بہادری کے ساتھ ڈاکووؤں کا مقابلہ کیا اور تین ڈاکووؤں کو ہلاک کیا۔
وزیر داخلہ نے کہاکہ عوام کی حفاظت کیلئے اپنی جان جوکھوں میں ڈالنے والے تمام اہلکار ہمارے ہیرو اورمحسن ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ جرائم پیشہ عناصر کی بیخ کنی میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے ۔



