کراچی(نمائندہ خصوصی)پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے میر علی اور اورکزئی کے علاقوں میں سکیورٹی فورسز کے کامیاب آپریشنز کو سراہتے ہوئے اہلکاروں کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
اپنے بیان میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ بھارتی پراکسی دہشت گردوں کے خلاف سکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائیاں قابلِ تحسین ہیں۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں فورسز کی کامیابیاں قومی عزم اور حوصلے کی عکاسی کرتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ قومی سلامتی اور ملکی استحکام کے لیے دہشت گرد نیٹ ورکس کا مکمل خاتمہ ضروری ہے، جبکہ ملک میں امن کے قیام اور شہریوں کے تحفظ کے لیے سکیورٹی فورسز کی قربانیاں پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہیں۔بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ دہشت گردوں کے مذموم عزائم ناکام بنانے کے لیے قومی اتحاد اور یکجہتی ناگزیر ہے۔



