شہباز شریف

کے پی و بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں، 74 خوارج ہلاک

راولپنڈی /پشاور /کوئٹہ /اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)سیکیورٹی فورسز کی جانب سے خیبر پختون خوا اور بلوچستان میں کارروائیوں میں 74 خوارج مارے گئے جبکہ صدر مملکت آصف علی زر داری او زریر اعظم شہبازشریف نے دہشتگردوں کے خلاف کارروائیوں پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کے امن و استحکام کو نقصان پہنچانے والے بیرونی سرپرستی میں سرگرم دہشت گردوں کے عزائم کامیاب نہیں ہونے دیے جائیں گے،نیشنل ایکشن پلان کے تحت ملک سے غیر ملکی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک یہ جنگ پوری قوت سے جاری رہے گی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر)کے مطابق ضلع کوئٹہ کے علاقے کرم میں سیکیورٹی فورسز کے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران مختلف جھڑپوں میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم 31 خوارج ہلاک کر دیے گئے۔آئی ایس پی آر کے مطابق 3 نومبر سے فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کے خلاف آپریشنز جاری ہیں جس میں سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے متعدد ٹھکانوں کو موثر انداز میں نشانہ بنایا ہے۔علاوہ ازیں شدید فائرنگ کے تبادلے میں میر علی میں فتنہ الخوارج کے 35 اور اورکزئی میں کارروائی کے دوران مزید 8 خوارج ہلاک کر دیے گئے۔آئی ایس پی آر کے مطابق گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران سیکیورٹی فورسز نے خوارج کے متعدد ٹھکانوں کو نشانہ بنایا ہے۔آئی ایس پی آر کے مطابق کارروائیوں کے دوران خوارج کے نیٹ ورکس کو بڑا دھچکا پہنچایا گیا، علاقوں کی کلیئرنس کے دوران بڑی تعداد میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد برآمد ہوا ہے۔

اپنے بیان میں صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے خیبر پختونخوا میں دہشت گردوں کے خلاف کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن میں 31 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سکیورٹی فورسز کی مسلسل کامیابیاں قومی عزم اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا مظہر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سلامتی کو نقصان پہنچانے کے لیے بیرونی سرپرستی میں سرگرم دہشت گرد عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رکھی جائیں۔ صدر مملکت نے کہا کہ دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد کی برآمدگی سکیورٹی فورسز کی مثر کارروائی کا ثبوت ہے۔ صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ فتنہ الخوارج اور فتنہ ہندوستان کے بیرونی سرپرستی میں سرگرم دہشت گرد نیٹ ورکس کا مکمل خاتمہ قومی سلامتی کا تقاضا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے امن و استحکام کو نقصان پہنچانے والے بیرونی سرپرستی میں سرگرم دہشت گردوں کے عزائم کامیاب نہیں ہونے دیے جائیں گے۔وزیراعظم آفس سے جاری اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ضلع کوئٹہ کے علاقے کرم میں بھارتی سرپرستی میں کام کرنے والے فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کے خلاف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن میں 31 دہشت گردوں کو جہنم واصل کرنے پر سکیورٹی فورسز کے افسران اور جوانوں کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔

وزیرِ اعظم نے آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے متعدد ٹھکانوں کو مثر انداز میں تباہ کرنے اور بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد برآمد کرنے پر سکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت اور جرات کو سراہا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ سکیورٹی فورسز کے جوان ملک دشمن عناصر کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملانے کے لیے دن رات میں مصروفِ عمل ہیں اور نیشنل ایکشن پلان کے تحت ملک سے غیر ملکی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک یہ جنگ پوری قوت سے جاری رہے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں