لاہور (نمائندہ خصوصی)امیر جماعت اسلامی پنجاب محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہونے والی مسلسل کمی جماعت اسلامی کی عوامی جدوجہد اور مؤثر آواز کا نتیجہ ہے، جماعت اسلامی عوام کو مزید ریلیف دلانے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گی اور اس وقت تک خاموش نہیں بیٹھے گی جب تک عام آدمی کو مہنگائی کے بوجھ سے حقیقی نجات نہیں مل جاتی، حکمرانوں کو عوام سے قربانیوں کا مطالبہ کرنے کے بجائے اپنے شاہانہ اخراجات، عیاشیوں، اللوں تللوں اور غیر ضروری سرکاری مراعات میں کمی کرنی چاہیے، مہنگائی اور بے روزگاری نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے، غریب خاندانوں کے لیے دو وقت کی روٹی کا انتظام کرنا بھی مشکل ہو چکا ہے، حکومت کی اولین ذمہ داری ہے کہ وہ عوام کو محض اعلانات کے بجائے عملی ریلیف فراہم کرے۔
محمد جاوید قصوری نے کسانوں کی مشکلات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ملک کا کسان اس وقت شدید معاشی دباؤ کا شکار ہے اور اسے حکومتی بیانات یا نمائشی پیکجوں کی نہیں بلکہ فوری اور ٹھوس اقدامات کی ضرورت ہے۔ پنجاب میں گنے کی فصل تیار ہونے کے باوجود کرشنگ سیزن کا بروقت آغاز نہ ہونا کسانوں کے ساتھ ناانصافی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ شوگر ملوں کو فوری طور پر کرشنگ شروع کرنے کا پابند بنایا جائے، گنے کی فی من قیمت 550 روپے مقرر کی جائے اور کاشتکاروں کو ان کی فصل کی ادائیگی ہر صورت 15 دن کے اندر یقینی بنائی جائے۔انہوں نے کہا کہ کسان پورا سال محنت، سرمایہ اور وسائل خرچ کرکے فصل تیار کرتا ہے، لیکن جب اسے اپنی محنت کا معاوضہ ملنے کا وقت آتا ہے تو مختلف حیلے بہانوں سے اس کے حقوق سلب کر لیے جاتے ہیں۔ حکومت کسانوں کو نام نہاد ریلیف پیکج دینے کے بجائے ان کی پیداوار کی مناسب قیمت اور بروقت ادائیگی کا نظام یقینی بنائے۔
جب گنا تیار کھڑا ہے تو شوگر ملیں بند رکھنے کا کوئی جواز نہیں۔ افسوس ناک امر یہ ہے کہ اب تک گنے کی قیمت کا معاملہ بھی حل طلب ہے، جس سے کاشتکاروں کی مشکلات میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی نے مزید کہا کہ ایک طرف غریب ریڑھی بانوں، عام موٹر سائیکل سواروں اور محنت کش طبقے پر سخت قوانین نافذ کرکے ان کے لیے زندگی مزید مشکل بنائی جا رہی ہے، جبکہ دوسری جانب بااثر شوگر مل مالکان کے خلاف قانون پر عمل درآمد کرانے میں حکومتی ادارے بے بسی کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔
محمد جاوید قصوری نے مزید کہا کہ امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان کی ہدایت پر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید کمی اور عوام کو حقیقی ریلیف کی فراہمی کے لیے ملک گیر جدوجہد کے سلسلے میں خصوصی پروگرام 15 نومبر 2026ء بروز اتوار منصورہ لاہور میں منعقد ہوگا۔ اجلاس میں جماعت اسلامی پنجاب وسطی کے صوبائی و ضلعی نظم، زونل امراء و قیمین ، جے آئی یوتھ کے ضلعی صدور اور سوشل میڈیا کے ذمہ داران شرکت کریں گے۔



