fawad-hassan-fawad

پیپلز پارٹی نے فواد حسن فواد کی وفاقی کابینہ میں شمولیت پر اعتراض اٹھا دیا

اسلام آباد(گلف آن لائن) صدر مملکت ڈاکٹرعارف علوی نے فواد حسن فواد کووفاقی وزیر مقرر کردیا۔منگل کو ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت نے ان کی تقرری نگران وزیر اعظم کی ایڈوائس پر آئین کے آرٹیکل 224 (ون اے) کے تحت کی ہے۔

پاکستان پیپلز پارٹی نے فواد حسن فواد کی وفاقی کابینہ میں شمولیت پر اعتراض اٹھا دیا۔پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما خورشید شاہ کا کہنا ہے کہ نواز شریف واپس آرہے ہیں تو اچھی بات ہے، ان کا ملک ہے واپس آنا چاہیے۔انہوں نے مزید کہا کہ بلاول بھٹو واضح کہہ چکے ہیں 90 دن میں نہیں تو 120 دن میں الیکشن کرائیں۔

تاریخ کسی کو معاف نہیں کرتی، دھاندلی ہوئی تو موجودہ چیف الیکشن کمشنر کا نام بھی لکھا جائے گا۔نگران حکومت نہیں ن لیگ کی حکومت ہے۔خورشید شاہ نے سابق بیورو کریٹ فواد حسن فواد کو نگراں وفاقی وزیر مقرر کیے جانے پر کہا کہ فواد حسن فواد کی کابینہ میں شمولیت سے واضح ہوگیا ہے ن لیگ کی حکومت ہے، ن لیگ کی گزشتہ حکومت کو بھی فواد حسن فواد ہی چلاتے تھے۔خیال رہے کہ سابق بیورو کریٹ فواد حسن فواد کو نگراں وفاقی وزیر مقرر کر دیا گیا۔

صدرِ مملکت عارف علوی نے فواد حسن فواد کی تقرری نگراں وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ کی ایڈوائس پر کی۔اس حوالے سے فواد حسن فواد نے کہا کہ مجھے ابھی تک کسی محکمے کا چارج نہیں دیا گیا، میں کل وزیرِ اعظم سے ملاقات کروں گا۔فواد حسن فواد نے کہاکہ مجھے جو بھی ذمے داری ملے گی، ایمانداری اور محنت سے پورا کرنے کی کوشش کروں گا۔انہوں نے کہا کہ میرا ماضی گواہ ہے ہمیشہ ایمانداری اور محنت سے قومی مفاد میں کام کیا ہے، آئندہ بھی ایسا ہی کرنے کی کوشش کروں گا۔انہوںنے کہاکہ اپنی بھرپور صلاحیتوں کے مطابق کام کروں گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں