آغا مصطفیٰ

ڈرامہ’ ‘تیرے بن” ملنے سے پہلے خودکشی کا سوچ رہا تھا، آغا مصطفیٰ

لاہور ( گلف آن لائن) معروف پاکستانی اداکار آغا مصطفیٰ نے کہا ہے کہ جس وقت مجھے ڈرامہ سیریل ‘تیرے بن’ کی پیشکش کی گئی ان دنوں کام نہ ملنے کی وجہ سے خودکشی کرنے کا سوچ رہا تھا۔

حال ہی میں نجی ٹی وی کے مارننگ شو میں گفتگو کے دوارن آغا مصفطیٰ نے کہا کہ انڈسٹری میں قدم رکھنے کے کچھ عرصہ بعد ہی ‘ایک تھی مریم’، ‘سنگ مر مر’ اور ‘کیسا ہے نصیباں’ جیسے ہٹ اور کامیاب پراجیکٹس کیے لیکن ان تمام پراجیکٹس کے باوجود ایک وقت ایسا آیا جب انڈسٹری میں مجھے کوئی کام نہیں دے رہا تھا۔انہوں نے انڈسٹری میں ہونے والی لابنگ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ میں اس چیز کی پرواہ نہیں کرتا کیونکہ میرا کامل ایمان ہے کہ جو میرے نصیب کا ہے وہ کہیں نہیں جائے گا اس لیے میں لوگوں کی بجائے صرف اللّہ سے مانگنے پر یقین رکھتا ہوں۔

آغا مصطفیٰ کا کہنا تھا کہ میں نے کبھی کسی ساتھی اداکار یا ڈائریکٹر کی منتیں نہیں کیں کہ کام دلوا دو، ڈرامہ سنگ مر مر کے بعد ایک وقت ایسا بھی آیا جب کوئی کام نہیں دے رہا تھا، اس وقت اپنی ہر نماز میں صرف اللّہ سے رو رو کر دعا کرتا تھا، دو سال کے بعد بھی جب مسلسل کام نہیں ملا تو اس قدر مایوس ہوا کہ خودکشی کے خیالات آنے لگے تھے۔آغا مصطفیٰ نے مزید کہا کہ میرا ایمان برقرار تھا کہ رزق دینے والی ذات اللّہ کی ہے، اسی دوران ڈرامہ سیریل تیرے بن کی پیشکش ہوئی اور میں نے سکرپٹ پڑھے بغیر ڈرامہ سائن کرلیا کیونکہ مجھے ہر حال میں کام کرنا تھا، میرے گھر کے بلز آتے تھے جو مجھے ادا کرنے تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں